پاک بحریہ کے سربراہ کی قطری عسکری قیادت سے ملاقاتیں

361

پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکاء اللہ نے قطر کے دورے کے دوران قطر آرمڈ فورسز کے چیف آف سٹاف لیفٹیننٹ جنرل غانم بن شاہین ال غانم اور کمانڈر قطر ایمیری نیوی میجر جنرل محمد نصیر ال مہندی سے ملاقاتیں کیں ۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکاء اللہ کی قطر آرمڈ فورسز کے چیف آف اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل غانم بن شاہین ال غانم سے ملاقات کے دوران دفاعی تعاون اور باہمی اشتراک کے مختلف اُمور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ نیول چیف نے دہشت گردی کی جنگ میں پاکستان کے کردار اور عزم بشمول کولیشن میری ٹائم کمپین پلان اور بحری قذاقی کی بیخ کنی کے آپریشنز میں شرکت کا خصوصیت کے ساتھ ذکر کیا اورپاک بحریہ کی جانب سے کثیرالقومی ٹاسک فورسز 150اور151کی کمانڈز پر روشنی ڈالی۔ لیفٹیننٹ جنرل غانم بن شاہین ال غانم نے خطے میں سکیورٹی اور امن کے فروغ ، سمندر کی آزادی اور آزادانہ بحری تجارت کے لئے پاک بحریہ کی طرف سے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔

 بعد ازاں چیف آف دی نیول اسٹاف نے کمانڈر قطری ایمیری نیوی میجر جنرل محمد نصیر ال مُہندی سے ملاقات کی ۔ قطر ایمیری نیول فورسز ہیڈ کوارٹرز آمد پر کمانڈر قطر ایمیری نیوی نے پاک بحریہ کے سربراہ کا استقبال کیا۔ اس موقع پر نیول چیف کو روایتی سلامی پیش کی گئی۔ کمانڈر قطر ایمیری نیوی کے ساتھ ملاقات کے دوران پاک بحریہ کے سربراہ نے باہمی دلچسپی کے اُمور اور دونوں ممالک کی بحری فورسز کے باہمی تعاون پر گفتگو کی۔پاک بحریہ کے آفیسرز اور سیلرز کے پیشہ وارانہ معیار اور بلند عزم کو سراہتے ہوئے کمانڈر قطر ایمیر ی نیوی پاک بحریہ اور قطر ایمیری نیوی کے درمیان مضبوط اور قریبی باہمی تعلقا ت کی تعریف کی اور مستقبل میں دونوں ممالک کی نیول فورسز کے درمیان موجود تعلقات کی مزید مضبوطی کا اعادہ کیا۔پاک بحریہ کے سربراہ کا یہ دورہ دونوں ممالک خصوصاً دونوں ممالک کی نیول فورسز کے درمیان موجود تعاون میں مزید اضافے اور وسعت کا باعث ہوگا۔