پاکستان اپنی سرزمین کسی کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گا،ترجمان دفتر خارجہ

192

ترجمان دفترخارجہ نفیس زکریا نے فاٹا میں دہشتگردوں کی محفوظ پناہ گاہوں سے متعلق الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اپنی سرزمین کسی کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔

جمعہ کو ترجمان دفترخارجہ نفیس زکریا نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ فاٹا میں دہشتگردوں کی محفوظ پناہ گاہوں سے متعلق الزامات مسترد کرتے ہیں،پاکستان اپنی سرزمین کسی کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیگا،دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں کی عالمی برادری معترف ہے،دہشتگردی کے خلاف پاکستان نے ہزاروں جانوں کی قربانی دی۔

ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کو سو ارب ڈالر سے زائد نقصان ہوچکا ہے،آپریشن ضرب عضب سے ملک میں سلامتی اور اقتصادی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی،امریکی ارکان پارلیمنٹ اور کمانڈوز فاٹا کا دورہ کرکے وہاں کامیابیوں کا خود مشاہدہ کرچکے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ افغانستان میں عدم استحکام کے باعث کئی دہشتگرد تنظیموں کوپنپنے کوموقع ملا،افغانستان میں خراب سیکیورٹی کی ذمہ داری دوسروں پر عائد نہیں کیاجاسکتی،بعض بیرونی قوتیں افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال کر رہی ہیں،پاکستان کو بھارتی خفیہ ایجنسی را اور افغانستان کی ایجنسی این ڈی ایس کے گٹھ جوڑ پر گہری تشویش ہے۔