پی آئی اے نے دوران پرواز مسافروں کی تفریح کا نیا نظام متعارف کروادیا

143

پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائن (پی آئی اے)نےدوران پرواز اپنی چند بہترین اندرون ملک پروازوں پر انٹرانیٹ سہولت متعارف کرا دی ہے۔

جمعہ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اس سسٹم کو مسافر اپنے موبائل فون، ٹیبلٹس اور لیپ ٹاپ سے منسلک کر کے اپنی پسند کی انٹرٹینمنٹ دیکھ اور سن سکیں گے۔ شروع میں یہ سہولت کراچی سے اسلام آباد اور لاہور کے درمیان پروازوں پر حاصل ہو گی جن میں پرواز پی کے 300 ،پی کے 301، پی کے302، پی کے 303، پی کے 304، پی کے305، پی کے308 اور پی کے 309 شامل ہیں۔ پہلے مرحلے میں 30گھنٹے کا انٹرٹینمنٹ دستیاب ہوگا جس میں ڈرامے، کامیڈی پروگرام، بچوں کی فلمیں، تلاوت، ڈاکومینٹریز، حفاظتی فلمیں، اردو فلمیں اور گانے شامل ہیں۔

 دوسرے مرحلے کیلئے کام جاری ہے جس میں ایک اپلیکیشن کے ذریعے انگریزی فلمیں، بچوں کیلئے گیمز اور نقشہ جات شامل ہوں گے۔ اس سسٹم کو آزمائشی بنیادوں پر شروع کیا گیا ہے اور مسافروں کی جانب سے موصول ہونے والی آراء کے بعد اگلے چند ہفتوں میں اس کو دوسری پروازوں پر بھی شروع کر دیا جائے گا۔ مسافروں سے درخواست ہے کہ اس نئے سسٹم کے بارے میں ائر لائن کو اپنی رائے سے آگاہ کریں۔