پاکستان کو بڑا دھچکا،اظہرعلی انجری کے باعث باہر،حفیظ کپتان مقرر

193

پاکستانی ٹیم کو کینگروز کے خلاف رواں ون ڈے سیریز کے دوران بڑا دھچکا لگا ہے، کپتان اظہرعلی انجری مسائل کے باعث اگلے دو ون ڈے میچز سے باہر ہو گئے اور ان کی جگہ آل راؤنڈر محمد حفیظ ٹیم کی قیادت کے فرائض انجام دیں گے۔

تفصیلات کے مطابق محمد حفیظ پہلی بار کسی بھی ون ڈے میں گرین شرٹس کی قیادت کریں گے اور وہ یہ اعزاز پانے والے پاکستان کے 28ویں کپتان بن جائیں گے۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پانچ ایک روزہ میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا میچ (آج) اتوار کو کھیلا جائے گا اور میزبان ٹیم کو سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہے، کینگروز نے پہلے ون ڈے میں گرین شرٹس کو 92 رنز سے شکست دی تھی۔

اظہرعلی پہلے ون ڈے کے دوران ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہوئے تھے، ڈاکٹروں نے طبی معائنے کے بعد انہیں آرام کا مشورہ دیا ہے جس کی وجہ سے وہ دوسرے اور تیسرے ون ڈے کیلئے ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گے، ان کی عدم موجودگی میں ٹیم کی قیادت کی ذمہ داری حفیظ کو سونپ دی گئی ہے اور قوی امکانات ہیں کہ وہ شرجیل خان کے ساتھ اوپننگ کریں گے، اظہر کی جگہ اسدشفیق کو موقع دیئے جانے کا امکان ہے۔