ڈونلڈ ٹرمپ کی تقریب حلف برداری دنیا کی مہنگی ترین تقریبات میں سے ایک

158

امریکی سیکیورٹی اداروں کے اندازوں کے مطابق امریکہ کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ  کی حلف برداری تقریب پر ملک کے 12 سے زائد سکیورٹی ادارے تقریب کے مقام کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے دن رات ایک کئے ہوئے ہیں، اور اس وقت تک سکیورٹی انتظامات پر10 کروڑ ڈالر سے زائد رقم خرچ ہو چکی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ملک کے 45 ویں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے وائٹ ہاؤس میں داخلے کے موقع پر ہونے والی عظیم الشان تقریب میں 8 لاکھ سے زائد افراد شریک ہوں گے۔ اگرچہ یہ تعداد موجودہ صدر براک اوباما کی تقریب میں شرکت کرنے والے افراد سے نصف سے بھی کم ہے لیکن اس کے باوجود اس تقریب کی سکیورٹی کے اخراجات سابقہ تقاریب کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہیں۔

واضح رہے کہ امریکی صدر براک اوباما کے منصب صدارت سنبھالنے کی تقریب میں 18 لاکھ سے زائد افراد نے شرکت کی تھی جو امریکا کی تاریخ میں ایک ریکارڈ ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ٹرمپ کی سکیورٹی کے حوالے سے اتنے بڑے پیمانے پر اخراجات کی ایک وجہ یہ ہے کہ نو منتخب صدر کے وائٹ ہاؤس میں داخلے کے موقع پر امریکا میں 26 احتجاجی مظاہرے بھی منعقد ہو رہے ہوں گے جن میں ایک اندازے کے مطابق تقریباً 40 ہزار سے زائد لوگ ٹرمپ کے صدر منتخب ہونے کی مخالفت میں سڑکوں پر ہوں گے۔

امریکی اخبار نے مقامی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ تقریب کے موقع پر واشنگٹن میں 32 ہزار پولیس اہل کاروں کے ساتھ نیشنل گارڈز کے 8 ہزار اہلکار تعینات ہوں گے، اس کے علاوہ 5 ہزار سکیورٹی اہل کار پوری تقریب کے دوران واشنگٹن کی نگرانی کے فرائض انجام دیں گے۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ سکیورٹی اداروں کے لئے سب سے اہم مسئلہ تقریب کے دوران دہشت گرد کارروائی کی روک تھام اور ٹرمپ کے خلاف احتجاج کو پر تشدد کارروائیوں اور جھڑپوں میں تبدیل ہونے سے روکنا ہو گا۔