پاکستان اسٹاک ماکیٹ میں رواں ہفتے مجموعی طور پر تیزی کا رجحان رہا

148

گزشتہ ہفتے پاکستان اسٹاک ماکیٹ میں مجموعی طور پر تیزی کا رجحان غالب رہا، کے ایس ای 100 انڈیکس ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ 49 ہزار پوائنٹس کی حد عبور کر گیا اور انڈیکس نے 49805 پوائنٹس کی سطح کو چھو کر بلند یوں کا ایک اورسنگ میل بھی عبور کر لیا۔

ہفتہ واررپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے انڈیکس نے 49100 اور49200 پوائنٹس 2 بالائی حد کوعبورکیا۔اسٹاک ماہرین کے مطابق حکومت کی جانب سے ٹیکسٹائل پیکیج کا اعلان،وفاقی سطح پر مختلف ترقیاتی منصوبوں خصوصا پاک چین اقتصادی راہداری سے ملک میں شروع ہونیوالے معاشی سرگرمیوں پر مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں نے بھی اسٹاک مارکیٹ پر توجہ مرکوز کرلی ہے اور منافع بخش شعبوں میں بھرپور سرمایہ کاری کا رجحان بھی دیکھنے میں آ رہا ہے جس کی وجہ سے مارکیٹ بلندیوں کی نئی حد کو چھو رہی ہے۔

بین الاقوامی جریدے اکنامسٹ کی جانب سے 2017 کو پاکستان کی کامیابیوں کا سال قرار دیے جانے اور عالمی بینک کی پاکستان کی معاشی ترقی کی شرح میں اضافے کی خبروں پر بھی سرمایہ کارمتحرک دکھائی دیے ۔ماہرین کے مطابق پاکستان کے معاشی اشاریو ں میں بہتری آنے کی پیش گوئی سے رواں ماہ میں مارکیٹ بلندیوں کی نئی حد کو چھو سکتی ہے۔

گزشتہ ہفتے کے دوران پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کے ایس ای100 انڈیکس میں172.27پوائنٹس کااضافہ ریکارڈکیاگیاجس سے کے ایس ای 100 انڈیکس 49039.41 پوائنٹس سے بڑھ کر 49210.50 پوائنٹس پرجاپہنچااسی طرح کے ایس ای 30 انڈیکس 77.92 پوائنٹس کے اضافے سے 26949.89 پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرزانڈیکس 33426.44 پوائنٹس سے بڑھ کر 33650.83 پوائنٹس پر بند ہوا۔کاروباری تیزی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں 64 ارب 9 کروڑ 59 لاکھ 78 ہزار9 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کامجموعی حجم 97 کھرب 95 ارب 1 کروڑ 69 لاکھ 1 ہزار 910 روپے سے بڑھ کر 98 کھرب 59 ارب 11 کروڑ 28 لاکھ 79 ہزار 919 روپے ہوگیا۔

پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گزشتہ ہفتے زیادہ سے زیادہ 56 کروڑ31 لاکھ 60 ہزارحصص کے سودے ہوئے اورٹریڈنگ ویلیو 24 ارب روپے ریکارڈکی گئی جبکہ کم سے کم کاروباری لین دین 41 کروڑ 39 لاکھ 81 ہزارحصص رہااورٹریڈنگ ویلیو 20 ارب تک محدودرہی۔