جوہانسبرگ ٹیسٹ،سری لنکا کو اننگز اور 118 رنز سے شکست

139

 

پروٹیز باؤلرز کی عمدہ باؤلنگ کی بدولت جنوبی افریقہ نے سری لنکا کو تیسرے اور آخری کرکٹ ٹیسٹ میں اننگز اور 118 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 3-0 سے وائٹ واش کر دیا۔

ہفتہ کو جوہانسبرگ ٹیسٹ کے تیسرے روز سری لنکن ٹیم نے 80 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ پر پہلی نا مکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو کپتان اینجلومیتھیوز 11 اور دنیش چندیمل 3 رنز پر کھیل رہے تھے، فلینڈر، ربادا، پارنیل اور اولیور نے حریف بلے بازوں کو جم کر کھیلنے کا موقع نہ دیا، اس کی وکٹیں یکے بعد دیگرے گرتیں گئیں اور پوری ٹیم 131 رنز پر ڈھیر ہو گئی، میتھیوز 19، چندیمل 5، اپل تھرنگا 24، رنگناہیراتھ 8، سرنگا لکمل 4 اور نوون پرادیپ 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے فلینڈر اور ربادا نے 3، 3 جبکہ پارنیل اور اولیور نے 2، 2 وکٹیں لیں۔

فالو آن کا شکار ہونے کے بعد پروٹیز باؤلرز نے عمدہ کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے دوسری اننگز میں بھی سری لنکن بلے بازوں کو سنبھلنے کا موقع نہ دیا اور پوری ٹیم 177 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، دیمتھ کرونارتنے 50 رنز بنا کر نمایاں رہے، کوشل سلوا صفر، کوسل مینڈس 24، دھانن جایا ڈی سلوا 12، کپتان میتھیوز، چندیمل اور ہیراتھ 10، 10، سرنگا لکمل 31 اور لاہیروکمارا صفر پر آؤٹ ہوئے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے وین پارنیل نے 4 ، اولیور نے 3 ، ربادا نے 2 اور فلینڈر نے ایک وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے کہ جنوبی افریقن ٹیم پہلی اننگز میں 426 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی تھی۔

جین پال ڈومینی میچ اور ڈین ایلگر سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔