افغانستان میں دھماکا،خاتون اور بچوں سمیت7 افراد جاں بحق

104

افغانستان کے صوبے ننگر ہارمیں سڑک کنارے نصب بم پھٹنے سے ایک خاتون اور تین بچوں سمیت 7 افرادجاںبحق ہوگئے۔

میڈیارپورٹس کے مطابق مشرقی صوبے ننگر ہار کے ضلع پچیر و آگام کے رہائشی افراد ایک ٹرک میں سوار ہوکر قریبی گائوں جارہے تھے کہ راستے میں ان کی گاڑی سڑک کنارے نصب بم سے ٹکراگئی۔ ضلعی گورنر ہجرت اللہ رحمانی نے بتایا کہ دھماکے کے نتیجے میں سات عام شہری  جاں بحق ہوگئے جن میں ایک خاتون اور تین بچے بھی شامل ہیں۔آخری اطلاعات تک اس واقعے کی ذمہ داری کسی تنظیم نے قبول نہیں کی تاہم وزارت داخلہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں اس کی ذمہ داری ‘امن و استحکام کے دشمنوں’ پر عائد کی ہے اور عام طور پر یہ اصطلاح طالبان کے لیے استعمال کی جاتی ہے۔

واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ کے مطابق 2016 کے ابتدائی 9 ماہ کے دوران افغانستان میں 2562 عام شہری ہلاک جبکہ 5835 زخمی ہوئے۔گزشتہ ہفتے ملک کے مختلف حصوں میں طالبان کے متعدد بم دھماکوں میں تقریبا 50 افراد ہلاک ہوئے تھے جن میں اکثریت عام شہریوں کی تھی۔