امریکی سفارت خانے کو یروشلم منتقل کرنے کے سنگین نتائج نکلیں گے،فرانس

177

فرانس کے وزیر خارجہ ژان مارخ ایغو نے خبردار کیا ہے کہ اگر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیل میں امریکی سفارت خانے کو تل ابیب سے بیت المقدس (یروشلم) منتقل کیا تو اس کے انتہائی سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔

اتوار کو فرانس کے دارالحکومت پیرس میں ہونے والی مشرق وسطیٰ امن کانفرنس کے موقع پر فرانسیسی وزیر خارجہ نےفرانسیسی ٹی وی کو انٹرویودیتے ہوئے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے امریکی سفارت خانے کو یروشلم منتقل کرنے کا انتخابی وعدہ پورا کرنا آسان نہیں ہوگا۔ایغو نے کہا کہ جب آپ امریکہ کے صدر ہوں تو آپ مختلف مسائل پر یک طرفہ اور ڈھٹائی پر مبنی موقف اختیار نہیں کر سکتے۔ آپ کو امن کے لیے زمین ہموار کرنا پڑتی ہے۔

فلسطینی رہنما محمود عباس نے ہفتے کو خبردار کیا کہ ڈونلڈ ٹرمپ جنہوں نے اسرائیل کو اپنی غیر متزلزل حمایت کا یقین دلایا ہے اگر انھوں نے امریکی سفارت خانے کو یروشلم منتقل کیا تو امن کے عمل کو ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا۔امریکی سفارت خانے کو منتقل کرنے کا فیصلہ کئی دہائیوں سے چلی آ رہی امریکی پالیسی کے صریحا برخلاف ہو گا۔ اس امریکی پالیسی کے تحت یروشلم جس کے عرب اکثریت والے مشرقی حصے پر اسرائیل نے سنہ انیس سو اڑسٹھ میں قبضہ کیا تھا اس کی حیثیت کا تعین کیا جانا فلسطینوں کے ساتھ امن مذاکرات میں کیا جائے گا۔

پیرس میں ہونے والی اس بین الاقوامی کانفرس کی علامتی حیثیت ہے لیکن یہ ایک ایسے وقت منعقد ہو رہی ہے جب پانچ دن بعد نو منتخب امریکی صدر جن کا واضح جھکا اسرائیل کی طرف ہے حلف اٹھانے والے ہیں۔