کینیڈین وزیر اعظم کو  پرنس آغا خان کی رہائش گاہ پر چھٹیاں گزارنے پر تحقیقات کا سامنا

210

کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کو اسماعیلی کمیونٹی کے روحانی پیشوا پرنس آغا خان کی رہائش گاہ پر چھٹیاں گزارنے پر تحقیقات کا سامنا ہے۔

فیڈرل ایتھکس کمشنرنےاس حوالے سے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے کہ کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کی جانب سے بہاماس میں کرسمس کی چھٹیوں کے دوران قوانین کی خلاف ورزی تو نہیں کی گئی۔ کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹْروڈو اور ان کی فیملی سال نو پر بہاماس میں آغا خان کی رہائش گاہ پر مہمان تھے۔

گذشتہ ہفتے ابتدائی انکوائری کے بعد ایتھکس کمشنر میری ڈاسن نے کہا تھا کہ وہ باقاعدہ طور پر اس بات کی تحقیقات کریں گی کہ کیا مسٹر ٹْروڈو نے اخلاقی قوانین کی خلاف ورزی کی ہے۔

جسٹن ٹْروڈو نے اس حوالے سے کہا کہ وہ کسی بھی قسم کے سوالات کے جوابات دینے پر خوش ہیں۔جب جسٹن ٹروڈو کی چھٹی کے بارے میں خبریں منظرِ عام پر آئیں تو انھوں نے اپنی ان چھٹیوں کی تمام معلومات فراہم کرنا شروع کر دیں۔انھوں نے یہ بھی بتایا کہ اس دوران انھوں نے آغاز خان کا ذاتی ہیلی کاپٹر بھی استعمال کیا۔ان کے اس دورے پر ان کے ساتھ لبرل پارٹی کے رکن پارلیمان سیمس او ریگن اور لبرل جماعت کی صدر اینا گینی اور ان کے شراکتدار بھی موجود تھے۔

خیال رہے کہ پرنس کریم آغا خان کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کے قریبی خاندانی دوست ہیں۔