غیر ملکی سرمایہ کاری میں 52 فیصد اضافہ

145

رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران پاکستان میں مجموعی غیرملکی سرمایہ کاری 52.5 فیصد اضافے سے ایک ارب 82 کروڑ 44 لاکھ ڈالر رہی جس میں غیرملکی نجی سرمایہ کاری 11.4 فیصد اضافے سے 82 کروڑ 63 لاکھ ڈالر جبکہ غیرملکی پبلک انوسٹمنٹ انٹرنیشنل ڈالر بانڈز کی نیلامی کی وجہ سے 120 فیصد اضافے سے 99 کروڑ 81 لاکھ ڈالر رہی۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعدادوشمار کے مطابق پہلی ششماہی کے دوران براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری 10 فیصد اضافے سے ایک ارب 8 کروڑ ڈالر سے زائدرہی، براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری 10 کروڑ 22 لاکھ ڈالر اضافے سے ایک ارب 8 کروڑ 7 لاکھ ڈالر رہی، گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے دوران براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری 97 کروڑ 85 لاکھ ڈالر رہی تھی۔

اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران مجموعی غیرملکی سرمایہ کاری کی مالیت ایک ارب 19 کروڑ 63 لاکھ ڈالر تھی۔بانڈز کی نیلامی سے 45 کروڑ 47 لاکھ ڈالر حاصل کیے گئے جبکہ غیرملکی نجی سرمایہ کاری کی مالیت 74 کروڑ 16 لاکھ ڈالر رہی تھی۔

 دسمبر 2016 کے دوران براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری 59 کروڑ 47 لاکھ ڈالر رہی جبکہ دسمبر 2015 کے مہینے میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کی مالیت 13 کروڑ 88 لاکھ ڈالر رہی تھی۔دسمبر 2016 کے دوران مجموعی غیرملکی سرمایہ کاری 9 کروڑ 43 لاکھ ڈالر کے مقابلے میں 29 کروڑ 29 لاکھ ڈالر رہی جس میں غیرملکی نجی سرمایہ کاری 9 کروڑ 44 لاکھ ڈالر کے مقابلے میں 43 کروڑ 59 لاکھ ڈالر جبکہ غیرملکی پبلک انوسٹمنٹ منفی ایک لاکھ ڈالرکے مقابلے میں منفی 14 کروڑ 30 لاکھ ڈالر رہی۔ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں 6 ماہ کے دوران 25 کروڑ 44 لاکھ ڈالر کا انخلا ہوا جبکہ گزشتہ برس کی اسی مدت کے دوران سٹاک مارکیٹ سے 23 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کا سرمایہ نکالا گیا۔