مشفق الرحیم کی نیوزی لینڈ کے خلاف آخری ٹیسٹ میں شرکت مشکوک

158

بنگلہ دیشی ٹیم کے کپتان اور وکٹ کیپر بلے باز مشفق الرحیم کی فٹنس مسائل کے باعث نیوزی لینڈ کے خلاف شیڈول دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں شرکت مشکوک ہو گئی ہے۔

بنگلہ دیش کے کپتان مشفق الرحیم اگر دوسرے ٹیسٹ میں شرکت نہ کر سکے تو ان کی جگہ نورالحسن بطور وکٹ کیپر ڈیبیو کریں گے۔ مشفق الرحیم کیویز کے خلاف کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ کے دوران ہاتھ اور گردن کی انجری میں مبتلا ہوئے تھے۔

بنگلہ دیشی ٹیم فزیو ڈین کونوے کے مطابق یہاں کے مقامی ڈاکٹرز نے بھی طبی معائنے کے بعد مشفق کو کم از کم دو سے تین ہفتوں تک مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے کیونکہ ان کی ہاتھ کی انجری گردن کی انجری سے زیادہ تشویشناک ہے اور ایسی حالت میں ان کیلئے کھیلنا خطرناک ثابت ہو سکتا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ ابھی انہیں مزید نگرانی میں رکھا جائے تاہم ان کی آخری ٹیسٹ میں شرکت کا حتمی فیصلہ ہونا باقی ہے۔