پاک آسٹریلیا تیسرا ون ڈے کل کھیلا جائیگا

184

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تیسرا ایک روزہ میچ کل جمعرات کو کھیلا جائے گا، مقابلہ 8 بجکر 20 منٹ پر شروع ہو گا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین تیسرا ون ڈے کل جمعرات کو پرتھ میں کھیلا جائیگا،تیسرے میچ سے قبل پاکستانی ٹیم نے پرتھ میں پریکٹس کی، انجری کا شکار اظہر علی بھی ٹریننگ میں موجود تھے۔ گرین کیپس کا پرتھ کے واکا گراؤنڈ میں پریکٹس سیشن ، شاہینوں نے گرم موسم میں خوب پسینہ بہایا ،فزیکل فٹنس کو بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دی گئی۔ قومی بلے بازوں نے پاور ہٹنگ کی پریکٹس بھی کی، پرتھ ون ڈے میں بھی محمد حفیظ قیادت کریں گے۔

ٹیم منیجر وسیم باری کا کہنا تھا کہ اظہر علی تیسرا ایک روزہ میچ بھی نہیں کھیل سکیں گے، تاہم امید ہے آخری دو ایک روزہ میچز کے لیے وہ فٹ ہوجائیں گے، جبکہ سرفراز احمد بھی بقیہ میچز سے اپنی عدم دستیابی سے بورڈ کو آگاہ کرچکے ہیں۔

تیسرے ون ڈے کیلئے آسٹریلوی ٹیم نے فائنل الیون کااعلان کردیا ہے جس میں 2تبدیلیاں کی گئی ہیں،دوسری جانب پاکستانی ٹیم میں کسی ردوبدل کا امکان نہیں۔ آسٹریلوی فاسٹ بولر جوش ہیزل ووڈنے پریکٹس کے بعدمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے فاسٹ بولرز اچھی فارم میں ہیں اور ان کے پاس تاریخ رقم کرنے کا سنہری موقع ہے، جبکہ تیسرے ون ڈے میں مچل اسٹارک کی کمی محسوس کریں گے۔پاکستانی کھلاڑی عماد وسیم کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا میں وکٹیں بیٹنگ کے لیے سازگار ہیں، امید ہے تیسرے ون ڈے میں بھی وہی کارکردگی دکھائیں گے۔

واضح رہے5میچوں کی سیریز 1-1سے برابر ہے۔

پاکستان ٹیم پرتھ میں 18 میچزکھیل چکی ہے جس میں سے اس نے9میں فتح سمیٹی جبکہ اتنے ہی میچزمیں شکست کا سامنا کرناپڑا۔