افغانستان:ڈرون حملے اور سیکورٹی آپریشنز میں 47 شدت پسند ہلاک

211

افغانستان میں امریکی ڈرون حملے اور سیکورٹی فورسز کے انسداد دہشتگردی آپریشنز میں داعش کے 6جنگجوؤں سمیت 47شدت پسند ہلاک اور 25زخمی ہوگئے جبکہ افغان انٹیلی جنس نے طالبان کے دہشتگردی کے3 نیٹ ورکس پکڑتے ہوئے 16جنگجوؤں کو گرفتارکرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔

اتوار کوا فغان میڈیاکے مطابقمشرقی صوبہ ننگرہار میں امریکی ڈرون حملے میں داعش کے 4غیر ملکیوں سمیت 6جنگجو ہلاک ہوگئے ۔صوبائی پولیس کمانڈنٹ نے اپنے بیان میں تصدیق کی ہے کہ ڈرون حملہ ضلع آچن کے علاقے میں کیا گیا ۔حملے میں شہریو ں کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

 وزارت دفاع کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیاہے کہ گزشتہ 24گھنٹوں میں افغان آرمی ،پولیس اور انٹیلی جنس کی طرف سے کیے گئے مشترکہ آپریشنز میں 41شدت پسند ہلاک اور 25دیگر زخمی ہوگئے ۔آپریشن صوبہ کپیسا،ارزگان ،قندھار،قندوز اور ہلمند میں کیے گئے اس دوران سیکورٹی فورسز نے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کرلیا۔

شمالی صوبہ قندوز کے ضلع دشت آرچی میں چار شدت پسند خود کش جیکٹ پھٹنے سے ہلاک ہوگئے ۔ادھر افغان انٹیلی جنس نے جنوبی صوبہ قندھارمیں طالبان کے دہشتگردی کے3 نیٹ ورکس پکڑتے ہوئے 16جنگجوؤں کو گرفتارکرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔این ڈی ایس کے بیان میں کہا گیا ہے کہ دہشتگرد نیٹ ورک مولوی سید محمد ،ملا رضا محمد اور ملا مرزا محمد کی سربرائی میں کام کررہے تھے ۔

بیا ن میں مزید کہا گیاہے کہ شدت پسند ٹارگٹ کلنگ ،بم دھماکوں ،حکومتی ارکان پر حملوں سمیت دیگر دہشتگردی کی کاروائیوں کی تیاری کررہے تھے ۔دہشتگردی کے نیٹ ورک دانڈ،ارغندب،دمان اور شاہولی کوٹ ضلع میں سرگرم تھے ۔دوسری جانب شدت پسند تنظیم داعش نے مشرقی صوبہ کنڑ میں بھرتی شروع کردی ۔صوبائی اعلی امن کونسل کے حکام اور بعض مقامی قبائلی عمائدین نے صوبے میں داعش کی بھرتی کی تصدیق کی ہے ۔ صوبائی اعلی امن کونسل کے سربراہ محمد اسماعیل منیب نے بتایا ہے کہ داعش کے وفاداروں نے علاقے کے رہائشی کے درمیان پمفلٹ تقسیم کرنا شروع کردیئے ہیں اور پروپیگینڈا کیا جارہا ہے ۔