امریکہ نے میزائل تجربے کے بعد ایران پر نئی پابندیاں عائد کرتے ہوئے ایرانی شہریوں سمیت تیرہ افراد اور بارہ کمپنیوں کو بلیک لسٹ کردیا ہے۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایران کی جانب سے گزشتہ روز میزائل تجربے کے جواب میں امریکا نے تہران پر مزید نئی عالمی پابندیاں لگا دیں جب کہ اس حوالے سے امریکی محکمہ خزانہ کی جانب سے جاری کردہ فہرست میں 13 شخصیات اور 12 اداروں کو شامل کیا گیا ہے۔ جن اداروں اور شخصیات پر پابندی لگائی گئی ان پر بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کے پھیلا ؤمیں تعاون اور دہشت گردی سے تعلق کے الزامات لگائے گئے ہیں۔
دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ کا سوشل میڈیا پر بیان میں کہنا تھا کہ کسی کی دھمکیوں سے ایران متزلزل نہیں ہوسکتا، ایران اپنی عوام سے طاقت حاصل کرتا ہے،اور وہ کبھی جنگ میں پہل نہیں کرے گا، ہم اپنے ہتھیار کسی کے خلاف نہیں اپنے دفاع میں استعمال کرینگے۔