ڈیوس کپ،پاکستانی ٹینس اسٹار عقیل خان اور اعصام الحق کی کامیابی

187

ڈیوس کپ ٹائی ایشیاء اوشنا گروپ ٹو کے سنگلز میچوں کے افتتاحی روز پاکستانی ٹینس اسٹار عقیل خان اور اعصام الحق نے اپنے، اپنے میچز جیت لئے،ایرانی کھلاڑیوں کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

پاکستان سپورٹس کمپلیکس کے ٹینس کورٹ میں کھیلے گئے ٹائی کے پہلے میچ میں پاکستان ٹینس اسٹار عقیل خان نے ایران کے شاہین خالدان کو 3-0 سے شکست دی،پہلے سیٹ میں عقیل خان نے 7-6 سے کامیابی حاصل کی اور یہ سیٹ 55 منٹ تک جاری رہا،دوسرے سیٹ میں 6-4 سے 35 منٹ میں فتح حاصل کی جبکہ تیسرے سیٹ میں عقیل خان نے 6-2 سے شکست دی اور یہ سیٹ 32 منٹ تک جاری رہا۔

دوسرے میچ میں پاکستانی ٹینس اسٹارعصام الحق نے ایران کے انوشہ شاہ گولی کو 3-0 سے شکست دی، پہلے سیٹ میں اعصام الحق 6-1 سے فتح حاصل کی، یہ سیٹ 25 منٹ تک جاری رہا، دوسرے سیٹ میں 6-2 سے اور تیسرے سیٹ میں 6-2 سے کامیابی حاصل کی اور دوسرا سیٹ 33 اور تیسرا سیٹ 27 منٹ تک جاری رہا، کل ہفتہ کو ٹیم ایونٹ ہونگے، ٹیم ایونٹ میں پاکستانی کھلاڑی عقیل خان اورعصام الحق کا مقابلہ شاہین خالدان اور انوشہ شاہگولی سے ہوگا۔

قبل ازیں ٹورنامنٹ کا افتتاح وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ میاں ریاض حسین پیرزادہ نے کیا۔اس موقع پرایرانی سفیر مہدی ہنر دوست، پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر سینیٹر سلیم سیف اللہ،سرپرست اعلیٰ سینیٹر دلاور عباس، سیکرٹری خالد رحمانی، پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر اختر نواز گنجیرا، ڈپٹی ڈی جی شاہد اسلام کے علاوہ شائقین کی کثیر تعداد موجود تھی۔