پاکستان کی سلامتی اور مضبوطی میں کشمیریوں کی سلامتی ہے،مریم اورنگزیب

156

وزیر مملکت اطلاعات نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیریوں کا وکیل ہے،جو وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں معاشی طور پر مضبوط اور مستحکم ہو رہا ہے،پاکستان کی سلامتی اور مضبوطی میں کشمیریوں کی سلامتی ہے۔

وہ جمعہ کی شام ایک میڈیا گروپ کے زیر اہتمام اظہار یکجہتی کشمیر سیمینار سے خطاب کررہی تھیں ۔وزیراعظم آزاد وجموں کشمیر راجہ فاروق حیدر،پارلیمنٹ کی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین مولانا فضل الرحمان،حریت راہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک،پی ٹی آئی آزاد کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری،پیپلز پارٹی کے مصطفی نواز کھوکھر،مسلم لیگ (ق) کے محمد بشارت راجہ بھی تقریب میں شریک تھے۔

مرین اورنگزیب نے کہا کہ کشمیریوں نے بے دریغ قربانیوں سے حریت کے جذبے کو زندہ رکھا،کشمیر میں ظلم، بربریت اور جبر کی اندوہناک تاریخ لکھی جا رہی ہے ۔بھارتی فوج نے ایک برہان وانی کو شہید کیا ہے تو تحریک آزادی کشمیر میں مزید تیزی آئی ہے ،کشمیر میں ہر بچہ بچہ برہان وانی ہے،بھارتی فوج کتنے برہان وانی شہید کرے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ مذاکرات کیلئے تیار ہے لیکن مسئلہ کشمیر اور کشمیریوں کے حقوق پر پہلے بات ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے اقوام متحدہ میں تاریخی خطاب کیا،جس میں انہوں نے بین الاقوامی دنیا کو کشمیریوں سے کیا گیا ان کا وعدہ یاد دلایا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی سفارتی ، سیاسی اور اخلاقی حمایت سے پیچھے نہیں ہٹے گا ۔ انہوں نے کہا کہ سٹیج پر بیٹھی تمام شخصیات کے آباؤ اجداد نے کشمیر کی تحریک کو تقویت دی۔

وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے کہا کہ موجودہ نسل بھی کشمیرسے محبت کے جذبے میں آگے بڑھے گی‘پہلی بار پارلیمنٹ میں ینگ پارلیمنٹرینز نے اکٹھے ہو کر دنیا کو یہ پیغام دیا کہ یہ نسل بھی کشمیر سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیز اور کالجز میں کشمیر ڈیسک اور بڑے شہروں میں کشمیر چیئر کے قیام کی تجاویز کا خیر مقدم کرتے ہیں ،اس سلسلہ میں وزیر تعلیم اور وزارت کیڈ کے وزراء سے موثر حکمت عملی طے کرنے کے لئے بات کروں گی۔

 انہوں نے کہا کہ نئی نسل مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے سوشل میڈیا پر ایسا فعال کردار ادا کرے کہ عالمی برادری اور بھارت مسئلہ کشمیر حل کرنے کے لئے قدم اٹھانے پر مجبور ہوجائیں۔وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے کہا کہ میڈیا مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے میں اپنا بھرپور کردار جاری رکھے‘کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور کشمیر پاکستان ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا کے پاس موجود نقشوں اور رقبے کے ریکارڈ کے مطابق مقبوضہ کشمیر بھی ہمارا حصہ ہے ،مقبوضہ کشمیر پر قبضہ کسی صورت برداشت نہیں کریں گے اور اسے حاصل کرنے کے لئے خون کے آخری قطرے تک جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔

انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں تحریک آزادی کے لئے جدوجہد کرنے والے سید علی گیلانی،میر واعظ عمر فاروق ،یاسین ملک اور دیگر حریت قیادت کی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان قائدین اور کشمیریوں کی بے پناہ قربانیوں کے بعد 70سال گذر گئے لیکن جدوجہد اب بھی جاری ہے اورقربانیاں دینے والوں کے مشن کو آگے بڑھایا جارہا ہے۔