ٹرمپ مسلم دنیا پر پابندیاں لگا کر خود کو اور اپنی عوام کو قید کر رہے ہیں،سراج الحق

186

امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ ٹرمپ مسلم دنیا پر پابندیاں لگا کر خود کو اور اپنی عوام کو امریکہ کے حدود اربع میں قید کر رہے ہیں۔ٹرمپ اسلام کی مقبولیت سے خوف زدہ ہیں۔ حکمران سرمایہ دارانہ نظام میں پناہ تلاش نہ کریں۔حکمران ہیلی کاپٹر اور چارٹرڈ طیاروں میں شاہانہ سفر کرتے ہیں، ہم سائیکل پر بیٹھ کر عوام کی دہلیز تک پہنچیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھر میں اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے زیر اہتمام کل پاکستان اجتماع ارکان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر امیر جماعت اسلامی سندھ ڈاکٹر معراج الہدٰی صدیقی اور ناظم اعلیٰ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان صہیب کاکا خیل بھی موجود تھے ۔سینیٹر سراج لحق نے کہا کہ ہماری لڑائی وقت کے نمرود ، سٹیٹس کو کے خلاف ہے، جو غریبوں کا خون نچوڑ رہا ہے۔ سرمایہ دارانہ نظام ملک کو تباہی کی جانب دھکیل رہا ہے۔

Sirajul-Haq-addressing-IJT-Ijtema-e-Arkaan-Sukkur-3

انہوں نے کہا کہ  اس نظام کی بدولت امیروں کے کتے مکھن کھاتے ہیں جبکہ غریب کے بچے کچرے کے ڈھیر سے رزق تلاش کرنے پر مجبور ہیں ۔ ہم معیشت ، سیاست ، حکومت اور معاشی نظام کی تبدیلی کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔مغربی نظام نے انسان کو ایک مادی جانور بنا کر دولت کا اسیر بنا دیا ہے۔جو لوگ اسلام کو محض مسجد و محراب تک محدود رکھنا چاہتے ہیں وہ اسلامی تعلیمات سے پوری طرح آگاہی حاصل کریں۔ اسلام ہر شعبے کی بنیاد ہے۔زراعت، معیشت، افرادی قوت اور تجارت کی بہتری اسلامی نظام حیات میں ہے ۔

سراج الحق نے کہا کہ بارود کی آگ اور بے بنیاد پروپیگنڈے سے اسلام کے نور اور خوشبو کو قید نہیں کیا جا سکتا۔۔دنیا تیزی سے تبدیل ہورہی ہے، گلوبل اسلامک مارچ تیزی سے کامیابی کی جانب گامزن ہے۔ ترقی کا ایجنڈا جماعت اسلامی کا ایجنڈا ہے جو اسلامی پاکستان ، خو ش حال پاکستان کی بنیاد ہے۔ہمارے سرمایہ دار حکمران مغربی خیرات کی مصنوعی آکسیجن پراپنے اقتدار کی سانسیں گن رہے ہیں۔ہم ہر قسم کی دہشت گردی کے خلاف ہیں خواہ وہ مسلح دہشت گردی ہو، یا سیاسی و معاشی دہشت گردی ہو۔معاشی دہشت گردی نے پسے ہوئے عوام کو غربت کے اندھیروں میں دھکیل دیا ہے۔

Sirajul-Haq-addressing-IJT-Ijtema-e-Arkaan-Sukkur-2

سراج الحق نے حکمرانوں کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکمرانوں میں ایسٹ انڈیا کمپنی سے مسلمانوں سے غداری کے بعد حاصل کی گئی جاگیروں کے مالک شامل ہیں۔ وہی سرمایہ دار اور جاگیر دار عہد وفاداری نبھاتے ہوئے ملک کے نظام سیاست پر قابض ہو چکے ہیں اور انہی کے مفادات کے تحفظ میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن پر دباؤ بڑھاکر اسے مجبور کریں گے کہ وہ آئین کے آرٹیکل62,63پر عمل درآمد کرے تاکہ ملک کو صالح اور دیانت دار قیادت نصیب ہوسکے۔

انہوں نے کہاکہ اسلامی جمعیت طلبہ نوجوانوں کی وہ تحریک ہے جس نے اس ملک کی سیاست اور ہر شعبہ زندگی کو صالح افراد دئیے،آئین کی شقوں پر پورا اترنے والے افراد کا زمانہ طالب علمی میں اسلامی جمعیت طلبہ سے تعلق رہا ہے اور قوم کو جمعیت کے اس کردار پر فخر کرنا چاہئے۔

بعد ازاں سراج الحق نے صحافیوں کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ پانامہ کیس میں جیت عوام کی ہوگی۔ عدالت کا ہر فیصلہ تسلیم کریں گے، پانامہ کیس کے ہر کردار کا احتساب لازم ہے اور اس کا آغاز وزیر اعظم سے ہونا چاہئے۔جماعت اسلامی نے کرپشن کے خلاف مہم کا آغاز کیا اور اس حوالے سے کراچی سے چترال تک ہر شہر میں عوام کو آگاہی دی اور جماعت اسلامی کی دجہ سے ہی عوام باشعور ہیں اور انہیں علم ہے کہ پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ کرپشن ہے۔

نیب کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ نیب کا پلی بارگین کا اختیار ختم ہونا چاہئے۔ نیب کے چیر مین کے تقرر کا اختیار وزیر اعظم اور اپوزیشن لیڈر کی بجائے چیف جسٹس اور چاروں صوبائی اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس صاحبان کے پاس ہوناچاہیے ۔ سیاست دان چیئرمین کا تقرر کریں گے تو نیب ان کا احتساب نہیں کر ے گا۔

دریں اثنا سینیٹر سراج الحق نے دارالعلوم الاسلامیہ کندھ کوٹ میں جماعت اسلامی کے بزرگ رہنما اورممتازعالم دیں مولانا واحدبخش خلجی کی وفات پرلواحقین سے تعزیت کی۔انہوں نے مولانا واحد بخش خلجی کی علمی ودینی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت اوربلنددرجات کیلئے دعا کی۔