انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بھارت کی مخالفت کے باوجود نئے آئین کی منظوری دے کر بگ تھری کے خاتمے پر اصولی طور پر اتفاق کر لیا، اس حوالے سے حتمی فیصلہ اپریل میں شیڈول آئی سی سی بورڈ اجلاس میں کیا جائے گا۔ اس بات کا فیصلہ آئی سی سی بورڈ اجلاس میں کیا گیا۔
ہفتہ کو آئی سی سی کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق دبئی میں منعقدہ آئی سی سی بورڈ اجلاس میں بگ تھری کے خاتمے سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، اجلاس کے دوران آئی سی سی نے بھارت کی شدید مخالفت کے باوجود بگ تھری کے خاتمے پر اصولی طور پر اتفاق کر لیا ہے، بھارت اور سری لنکا کے سوا تمام ممبر ممالک نے بھی اس کے حق میں ووٹ دیا ہے، آئی سی سی نے نئے آئین کی منظوری بھی دے دی ہے جس کے تحت تمام ممبر ممالک کو آئی سی سی کی باڈی میں برابری کا حق حاصل ہوگا۔
اس سے قبل ہونے والے اجلاس کے دوران آئی سی سی کی ایگزیکٹو کمیٹی نے انگلینڈ، آسٹریلیا اور بھارت کی مستقل نشست کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا تھا جب کہ بگ تھری کے خاتمے کا اعلان اور آئی سی سی کے 2014 میں منظور ہونے والے آئین کا از سر نو جائزہ رواں سال جون میں ہی کیا جائے گا۔
اجلاس میں چیمپئنز ٹرافی اور ویمنز ورلڈکپ پلیئنگ کنڈیشنز کی منظوری دی گئی ہے جس کے تحت دونوں ایونٹس کے سیمی فائنلز اور فائنلز کے ٹائی ہونے کی صورت میں فیصلہ سپر اوور میں کیا جائے گا، اس کے علاوہ چیمپئنز ٹرافی، ویمنز ورلڈکپ اور مستقبل میں ہونے والے آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹونٹی میچز میں ڈی آر ایس سسٹم کا نفاذ بھی کیا جائے گا۔