بھارت کی روایتی ہٹ دھرمی برقرار،کشمیر کو ایک بار پھر اپنا اٹوٹ انگ قرار دیدیا

211

بھارتی وزیر داخلہراجناتھ سنگھ نے ایک بار پھر کشمیر کو بھارت کا اٹوٹ انگ قرار دیتے ہوئے اور ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر بھارت کے ساتھ تھا اور اسکے ساتھ ہی رہے گا کوئی بھی طاقت اسے ہم سے الگ نہیں کرسکتی۔

اتوارکو بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اترکھنڈ کے ضلع ہردوار میں ایک عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے راجناتھ سنگھ نے کہاکہ اب پاکستان کشمیر پر ریفرنڈم چاہتا ہے لیکن ایک بات واضح ہے کہ کشمیر بھارت کے ساتھ تھا اور اسکے ساتھ ہی رہے گا کوئی بھی طاقت اسے تبدیل نہیں کرسکتی ۔پاکستان کویہ دیکھنے کیلئے اپنے ملک میں ایک ریفرنڈم کرانا چاہیے کہ کیا اسکے لوگ اسی ملک میں رہنا چاہتے ہیں یا بھارت کے ساتھ ضم ہوناچاہتے ہیں۔

راجناتھ سنگھ نے پاکستان اور بھارت کے درمیان دوطرفہ تعلقات کی خرابی کا ذمہ دار پاکستان کو ٹھہراتے ہوئے کہاکہ میں پاکستان کو یہ بتانا چاہتا ہوں کہ بھارت ہمیشہ پرامن تعلقات قائم کرنا چاہتا ہے لیکن یہ صرف اسلام آباد ہی ہے جو ان تعلقات میں خلل ڈالنے کی کوشش کررہا ہے اسے دہشتگردوں اور کشمیر پر ریفرنڈم کرانے کا مطالبہ کرنے والوں کو روکنے کی ضرورت ہے۔

راجناتھ سنگھ نے بڑھک مارتے ہوئے کہاکہ سرجیکل سڑائیکس کے ذریعے ہم نے دنیا کو دکھایا ہے کہ ہم ایک سخت قدم بھی اٹھا سکتے ہیں۔بھارت ایک پرامن ملک ہے لیکن اب یہ ایک نرم قوم نہیں رہا۔بھارتی وزیر داخلہ نے ملک کے خلاف سازشیں کرنے والے ممالک کو خبردار کرتے ہوئے کہاکہ اگر کسی نے بھی ہمیں چھونے کی کوشش کی ہم اسے معاف نہیں کریں گے۔