ڈنمارک کے سمندر میں نصب ونڈ ٹربائن نے دنیا کی تمام ونڈ ٹربائنوں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے چوبیس گھنٹوں میں ہوا سے 9 میگاواٹ بجلی بناکر نیا ریکارڈ قائم کردیا۔
ڈنمارک میں ہوا سے بجلی بنانے کے محکمے (ڈیپارٹمنٹ آف وِنڈ انرجی) کی تیار کردہ یہ ونڈ ٹربائن V164 کے نام سے شہرت رکھتی ہے اور دنیا کی سب سے بڑی ونڈ ٹربائن بھی قرار دی جاتی ہے جسے حال ہی میں مزید بہتر کرکے مسلسل 24 گھنٹے تک کام کرنے اور پہلے سے کہیں زیادہ بجلی تیار کرنے کے قابل بنایا گیا ہے۔ پہلے یہ روزانہ 4 سے 6 میگاواٹ جتنی بجلی بناسکتی تھی لیکن نئی تبدیلیوں کے بعد اس نے روزانہ 9 میگاواٹ بجلی کی پیداوار دینے کی صلاحیت حاصل کرلی ہے۔ یہ بجلی اتنی ہے کہ اس سے 7200 عام گھروں میں توانائی کی ضرورت پوری کی جاسکتی ہے۔
فی الحال اس کے نئے ترمیم شدہ ڈیزائن کی آزمائشیں ڈنمارک کے شہر اوئسٹرلڈ (Osterild) کے ساحل سے چند کلومیٹر دور سمندر میں جاری ہیں جن کی کامیاب تکمیل کے بعد اسی طرح کی مزید ونڈ ٹربائنز تیار کرکے انہیں سمندر میں دوسرے مقامات پر نصب کرکے بجلی کی وسیع تر ضروریات پوری کی جائیں گی۔