انگلینڈ کی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے موجودہ کپتان ایلسٹر کک نے اپنا عہدہ چھوڑ دیا۔
تفصیلات کے مطابق 32 سالہ ایلسٹر نے 2012ء میں انگلینڈ کرکٹ ٹیم کی بھاگ دوڑ سنبھالی اور دسمبر 2016ء تک 59 ٹیسٹ میچوں میں کپتانی کے فرائض انجام دیئے، انہیں انگلینڈ کی جانب سے زیادہ ٹیسٹ میچز کپتانی کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔ ان کی قیادت میں انگلش ٹیم نے 2013ء میں ایشز اور 2015ء میں بھارت اور جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز جیتی۔ ایلسٹر کک نے انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کولن گریوز سے مشاورت کے بعد اپنا استعفیٰ پیش کیا جس کے بعد بورڈ نے باقاعدہ طور پر نئے کپتان کی تعیناتی کیلئے عمل شروع کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ ایلسٹر کک اب تک 140 ٹیسٹ میچوں میں 11057 رنز سکور کر چکے ہیں جس میں 30 سنچریاں اور 53 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ وہ انگلینڈ کی جانب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے بلے باز ہیں۔