ایلسٹرکک ٹیسٹ کرکٹ میں ٹنڈولکر کا ریکارڈ توڑ سکتے ہیں،بوتھم

186

انگلش ٹیم کے سابق قائد این بوتھم نے اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ ٹیم کی قیادت سے مستعفی ہونے کے بعد ایلسٹرکک اس پوزیشن میں آ گئے ہیں کہ وہ سچن ٹنڈولکر کے زیادہ ٹیسٹ رنز کا ریکارڈ توڑ سکیں۔

 ٹنڈولکر کو ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں زیادہ رنز بنانے کا عالمی اعزاز حاصل ہے انہوں نے 15921 رنز بنا رکھے ہیں جبکہ کک نے اب تک 140 میچز میں 11057 رنز بنائے ہوئے ہیں۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ ٹیم کی قیادت چھوڑنے کے بعد کک پر دباؤ اور بوجھ کم ہو گیا ہے، اب وہ بیٹنگ پر زیادہ بہتر طریقے سے توجہ دیں سکیں گے، میرے خیال میں اس وقت کک ہی ہیں جو ٹنڈولکر کے زیادہ ٹیسٹ رنز کو چیلنج کر سکتے ہیں۔

 ٹنڈولکر نے 40 برس کی عمر میں ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا جب کہ کک ابھی 32 برس کے ہیں، مجھے پورا یقین ہے کہ اگر کک مزید چار سے پانچ برس کھیل گئے تو وہ ٹنڈولکر کے زیادہ رنز کا ریکارڈ توڑ دیں گے اور ہدف کے حصول کیلئے انہیں اپنی فٹنس کو برقرار رکھنا ہو گا۔