بلوچستان کے مختلف اضلاع میں فائرنگ کے واقعات اور حادثات میں 7افراد جاں بحق جبکہ خاتون سمیت 10افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں سریاب روڈ برما ہوٹل کے قریب مسلح افراد کی جانب سے گاڑی سوار افراد پر اندھادھند فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار محمدندیم موقع پر جاں بحق جبکہ نقیب اللہ شدیدزخمی ہوگیاہے واقعہ کے بعد پولیس اور ایف سی کے اہلکاروں نے موقع پرپہنچ کر شواہد اکھٹے کئے اس سلسلے میں مزید کارروائی جاری ہے،پولیس کے مطابق واقعہ پرانی دشمنی کاشاخسانہ ہے۔
دوسری جانب کوئٹہ کے ہی علاقے کرانی روڈ پر واقع گھر میں مسلح افراد کی فائرنگ سے عدیل نامی شخص جاں بحق جبکہ خاتون بختاور اور اللہ ڈنہ زخمی ہوگئے ہیں ۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعہ کی وجوہات کے متعلق معلوم نہیں ہوسکاتاہم اس سلسلے میں پولیس کی جانب سے تفتیش جاری ہے ،علاوہ ازیں پشین کے علاقے سرانان کے قریب گاڑی اور موٹرسائیکل میں تصادم کے نتیجے میں دوا فراد جاں بحق جبکہ دو زخمی ہوگئے ہیں جاں بحق اور زخمی ہونیوالوں میں عبداللہ ،سردارمحمد ،عزت اللہ اور ایک نامعلوم اسم شخص شامل ہیں ،لاشوں اور زخمیوں کو فوری طورپر سول ہسپتال پشین منتقل کردیاگیا جہاں جاں بحق افراد کی نعشوں کوورثاء کے حوالے کردیاگیا جبکہ زخمیوں کو طبی امداد دی جارہی ہے۔
اس کے علاوہ گوادر میں تیزرفتار گاڑی الٹنے سے ایک طالب علم جاں بحق جبکہ پانچ زخمی ہوگئے ہیں جنہیں علاج کیلئے کراچی منتقل کردیاگیاہے جہاں دو افراد کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے ،دریں اثناء تربت کے علاقے آبسر سے ایک شخص کی لاش برآمدکرلی گئی ہے جس کی شناخت اجمل کے نام سے ہوگئی ہے ،جس سے تیز دار آلے سے قتل کردیاگیا ہے ،اس سلسلے میں مزید کارروائی متعلقہ انتظامیہ کررہی ہے ،ایک اور واقعہ میں جھل مگسی کے علاقے پتری میں درخت سے گرنے کے باعث ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی لاش کو ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردیاگیاہے۔