کپتان ویرات کوہلی اور مرلی وجے کی شاندار سنچریوں کی بدولت بھارت نے بنگلہ دیش کے خلاف واحد کرکٹ ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کھیل کے اختتام تک اپنی پہلی اننگز میں 3 وکٹوں پر 356 رنز بنا کر مستحکم آغاز کیا۔
جمعرات کو حیدرآباد میں شروع ہونے والے واحد کرکٹ ٹیسٹ میچ میں بھارتی قائد ویرات کوہلی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو 2 کے سکور پر میزبان ٹیم کو لوکیش راہول کا نقصان برداشت کرنا پڑا جو 2 رنز بنا کر تسکین احمد کی گیند پر بولڈ ہوئے، اس موقع پر مرلی وجے اور چیتشور پوجارا نے میدان سنبھالا، دونوں بلے بازوں نے مشکل وقت میں ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسری وکٹ میں 178 رنز کی قیمتی شراکت قائم کر کے ٹیم کا سکور 180 تک پہنچا کر اسے سہارا دیا، یہاں پر مہدی حسن میراز نے پوجارا کو آؤٹ کر کے نہ صرف اہم پارٹنرشپ توڑ دی بلکہ ٹیم کو بڑی کامیابی بھی دلائی، پوجارا نے 83 رنز بنائے۔
بھارت کی تیسری وکٹ 234 کے مجموعی سکور پرگری جب وجے 108 رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے کے بعد تیج الاسلام کی گیند پر بولڈ ہوئے، اس موقع پر اجنکیاراہانے نے کپتان کوہلی کا ساتھ دیا، دونوں بلے بازوں نے عمدہ بلے بازی کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے چوتھی وکٹ میں 122 رنز کی ناقابل شکست شراکت جوڑ کر ٹیم کی پوزیشن مستحکم کر دی۔اس طرح پہلے روز جب کھیل ختم ہوا تو بھارت نے پہلی اننگز میں 3 وکٹوں پر 356 رنز بنا لئے تھے، کوہلی 111 اور راہانے 45 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔