وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ مخالفین کی قسمت میں صرف دھرنا اور کنٹینر کی سیاست ہے ،اللہ نے نواز شریف کی قسمت میں تعمیر و ترقی اور عمران خان کی قسمت میں رونا لکھا ہے۔
جمعہ کو صوابی میں مسلم لیگ(ن) کے ورکرز کنونشنسے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہاکہ خیبر پختونخوا کے عوام کی مسلم لیگ (ن) سے والہانہ محبت کے شکر گزار ہیں۔ عالمی میڈیا نے پاکستان کو ماضی میں سب سے بڑا دہشت گرد قرار دیا امن و امان کی وجہ سے آج عالمی میڈیا پاکستان میں تیز رفتار ترقی کا اعتراف کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تبدیلی کیلئے دن رات محنت کی ضرورت ہوتی ہے ‘ پچھلے تین سالوں میں محنت سے ملک کا نقشہ بدل دیا۔ وزیر اعظم کے ویژن کے تحت آج پاکستان میں ترقی کا دور دورہ ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ 66 سالوں میں 16 ہزار جبکہ گزشتہ 3 سال میں 10 ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کی۔ قلیل مدت میں توانائی منصوبوں کی تکمیل عالمی ریکارڈ ہے۔ اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری سے پاکستان میں صو رتحال تبدیل ہو رہی ہے۔ آپریشن ضرب عضب کے نتیجے میں ملک میں امن قائم ہوا۔ انہوں نے کہاکہ پوری دنیا کے سرمایہ کار پاکستان آ رہے ہیں یہ کون سی کرپشن نے جس نے ملکی خزانہ میں تین گنا اضافہ کیا؟۔ یہ کون سی کرپشن ہے ملک میں توانائی کے بحران پر قابو پا لیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ مخالفین کی قسمت میں صرف دھرنا اور کنٹینر کی سیاست ہے۔ اللہ نے نواز شریف کی قسمت میں تعمیر و ترقی اور عمران خان کی قسمت میں رونا لکھا ہے۔ شہباز شریف نے 11 ماہ میں لاہور میٹرو منصوبہ مکمل کر کے دکھایا۔ عمران خان سے 3 سال میں میٹرو کی فزیبیلٹی تیار نہ ہو سکی۔ اقتصادی راہداری سے متعلق مخالفین نے غلط فہمیاں پیدا کرنے کی کوشش کی۔ پاکستان کی تعمیر و ترقی سے ملک دشمنوں کو بہت تکلیف ہے۔ پاکستان کو ایشیاء کا ٹائیگر بنانے کیلئے پر عزم ہیں۔