حیدرآباد:بھارت نےپہلی اننگز 687 رنز پر ڈیکلیئر کردی

147

بھارت نے بنگلہ دیش کے خلاف رنزوں کا پہاڑ کھڑا کر دیا، واحد ٹیسٹ کے دوسرے روز میزبان ٹیم بھارت نے اپنی پہلی اننگز 687 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلیئر کر دی، کپتان ویرات کوہلی نے 204 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔بنگلہ دیش نے کھیل کے اختتام پر ایک وکٹ کے نقصان پر 41 رنز بنا لئے اور اسے فالو آن سے بچنے کیلئے 446 رنز درکار ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز بھارت نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 356 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی تو کپتان ویرات کوہلی 111 اور اجنکیا راہانے 45 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے، دونوں بلے بازوں نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 222 رنز کی ریکارڈ ساز شراکت قائم کرکے ٹیم کا سکور 456 تک پہنچا دیا، اجنکیا راہانے 82 رنز بناکر تیج الاسلام کی گیند پر مہدی حسن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے، کوہلی نے کیریئر کی چوتھی ڈبل سنچری کی اور 204 رنز کی دلکش اننگز کھیل کر تیج الاسلام کا نشانہ بنے۔

روی چندرن ایشون چھٹے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 34 رنز بناکر مہدی حسن کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد وردھیمن ساہا اور روندرا جدیجا نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 118 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کا سکور 687 تک پہنچا دیا، وردھیمن ساہا نے کیریئر کی دوسری سنچری بنائی اور 106 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، جدیجا نے 60 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ اس موقع پر بھارت نے اننگز ڈیکلیئر کر دی۔

تیج الاسلام نے تین اور مہدی حسن مرزا نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

بنگلہ دیش نے کھیل کے اختتام پر ایک وکٹ کے نقصان پر 41 رنز بنا لئے اور اسے فالو آن سے بچنے کیلئے مزید 446 رنز درکار ہیں، سومیا سرکار 15 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ تمیم اقبال 24 اور مومن الحق ایک رن پر ناٹ آؤٹ ہیں، واحد وکٹ امیش یادیو نے حاصل کی۔