وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ اقتصادی اہداف کے حصول کیلئے اداروں کے کام میں ہم آہنگی بڑی اہمیت کی حامل ہے جس سے پورا ملک استفادہ کرے گا۔
اسحاق ڈارجمعہ کو وزارت خزانہ، اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے مابین کوآرڈینیشن سے متعلق انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ گورنر اسٹیٹ بینک اشرف محمود وتھرا، سیکرٹری خزانہ اور ایف بی آر کے چیئرمین نے اجلاس میں شرکت کی اور وزیر خزانہ کو متعلقہ اداروں کی جانب سے کوآرڈینیشن کیلئے کئے گئے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔
وزیر خزانہ نے ان اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اداروں کے مابین مؤثر ہم آہنگی حکومتی کاموں کو بہتر انداز میں چلانے کیلئے ضروری ہے۔ انہوں نے اجلاس کے شرکاء پر زور دیا کہ وہ آمدن و اخراجات سے متعلق مؤثر حل تلاش کرنے کیلئے اقدامات کریں۔