پی ایس ایل کے دوسرے میچ میں کوئٹہ گلیڈیئیٹر نے سنسنی خیر مقابلے کے بعد لاہور قلندر کو 8 رنز سے شکست دے دی۔
دبئی اسپورٹس سٹی میں کھیلے جانے والے پاکستان سپر لیگ کے دوسرے میچ میں لاہور قلندرز کے کپتان برینڈن میکلم نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا، کوئٹہ کی جانب سے اسد شفیق اور احمد شہزاد نے بیٹنگ کا آغاز کیا لیکن احمد شہزاد تیسرے ہی اوور میں 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے جب کہ کیون پیٹرسن اور کپتان سرفراز احمد بھی خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھاسکے وہ بالترتیب 3 اور ایک رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ روسوو نے اپنی شاندار بیٹنگ سے ٹیم کے مجموعہ کو 136 رنز تک پہنچایا اور 60 رنز بناکر ٹاپ اسکور رہے۔
لاہور کی جانب سے محمد عرفان نے 3، سہیل تنویر اور سنیل نارائن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
لاہور قلندرز کو جیت کے لیے 137 رنز کے ہدف کے تعاقب میں جیسن روئے اور کپتان برینڈن میکلم نے ٹیم کو جارحانہ آغاز فراہم کرتے ہوئے 3 اوورز میں 34 رنز بٹورے لیکن ذوالفقار بابر نے پہلے جیسن روئے کو 27 اور پھر میکلم کو 20 رنز پر پویلین بھیج کر لاہور قلندرز کی مشکلات میں اضافہ کیا، بعد میں آںے والے کھلاڑیوں میں فخر زمان 11، محمد رضوان 5، عمر اکمل 0، گرانٹ ایلیٹ اور سنیل نارائن نے 26،26 رنز کی اننگز کھیلی۔
کوئٹہ کی جانب سے ذوالفقار بابر، محمد نواز اور حسن خان نے 2،2 جب کہ ملز اور انور علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔