اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی،شرجیل خان اور خالد لطیف معطل

143

پاکستان سپر لیگ کو بڑا دھچکا ‘پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اینٹی کرپشن کوڈ کے تحت اسلام آباد یونائیٹڈ کے شرجیل خان اور خالد لطیف کو معطل کردیا۔

پی سی بی نے دونوں کھلاڑیوں کو اینٹی کرپشن کوڈ کی مبینہ خلاف ورزی کی تحقیقات کی حصے کے طور پر عبوری طور پر معطل کیا۔بیان کے مطابق پی سی بی نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کو کرپشن سے پاک رکھنے اور کرکٹ کے کھیل کی ساکھ کو برقرار رکھنے کے لیے یہ اقدام اٹھایا، جبکہ تحقیقات میں انٹرنیشنل کرکٹ بورڈ (آئی سی سی) بھی کرکٹ بورڈ کو تعاون فراہم کر رہا ہے۔

اقدام کے حوالے سے پی ایس ایل کے چیئرمین نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ ’کیس کے حوالے سے فی الحال کوئی تبصرہ کرنا مناسب نہیں، تاہم یہ تحقیقات کرکٹ کے کھیل کو کرپشن سے پاک رکھنے کے ہمارے عزم کا عملی مظاہرہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ’ہم کھلاڑیوں کی کسی کرپٹ سرگرمی کو برداشت نہیں کریں گے اور تحقیقات کے آگے بڑھنے پر مزید فیصلہ کن کارروائی کرنے سے نہیں ہچکچائیں گے۔

نجم سیٹھی نے کہا کہ ’اس کیس کے حوالے سے پی سی بی کے اینٹی کرپشن یونٹ (اے سی یو) کی آئی سی سی کے اے سی یو کے تعاون سے اب تک کی تحقیقات متاثر کن رہی ہے جسے مزید آگے بڑھایا جائے گا، جبکہ کھیل کی ساکھ کو نقصان پہنچانے والے کسی بھی شخص کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔