سری لنکن ٹیم کے چیف سلیکٹر اور سابق جارح مزاج بلے باز سنتھ جے سوریا نے حالیہ دورہ جنوبی افریقہ میں مایوس کن کارکردگی کے بعد وکٹ کیپر بلے باز دنیش چندیمل کو مشورہ دیا ہے کہ دوبارہ کلب کرکٹ کھیل کر اپنی گیم کو بہتر بنانے کیلئے محنت کریں۔
چندیمل دورہ جنوبی افریقہ کے دوران مکمل طور پر ناکام نظر آئے اور 12 اننگز میں 36 ان کا بہترین سکور رہا۔ جے سوریا نے اپنے بیان میں کہا کہ میں دورہ جنوبی افریقہ میں ٹیم کی ناکامی پر کوئی وضاحت دینے کی کوشش نہیں کر رہا بلکہ میں اس بات کا اعتراف کرتا ہوں کہ ٹیم نے بدترین کرکٹ کھیلی، کھلاڑیوں کو چاہیے کہ وہ غلطیوں سے سبق سیکھیں اور مستقبل میں خود کو نئے چیلنجز کا سامنا کرنے کیلئے تیار کریں۔
انہوں نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی زیادہ دور نہیں، کھلاڑیوں کیلئے انگلش کنڈیشنز مختلف ہوں گی اسلئے ہم مل بیٹھ کر میگا ایونٹ کی تیاری کیلئے پلان بنائیں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ چندیمل کو ماضی میں بھی ناکامیوں کا سامنا رہا ہے اسلئے انہیں چاہیے کہ وہ خود کو ذہنی طور پر مضبوط بنائیں اور کلب کرکٹ کھیل کر اپنی کارکردگی میں بہتری لائیں۔