تازہ ترین ون ڈے رینکنگ،جنوبی افریقہ نے عالمی چیمپئن سے ٹاپ پوزیشن چھین لی

171

جنوبی افریقہ نے سری لنکا کو ون ڈے سیریز میں 5-0 سے وائٹ واش کر کے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی تازہ ترین رینکنگ میں عالمی چیمپئن آسٹریلیا سے ٹاپ پوزیشن چھین لی، شکست خوردہ سری لنکن ٹیم چھٹے اور پاکستان آٹھویں نمبر پر برقرار ہیں۔

ہفتہ کو آئی سی سی کی طرف سے جاری کردہ تازہ ترین رینکنگ کے تحت جنوبی افریقہ نے 119 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پوزیشن حاصل کر لی، عالمی چیمپئن آسٹریلوی ٹیم ایک درجے تنزلی کا شکار ہوئی ہے، نیوزی لینڈ تیسرے، بھارت چوتھے، انگلینڈ پانچویں، سری لنکا چھٹے، بنگلہ دیش ساتویں اور پاکستان آٹھویں نمبر پر موجود ہے۔

 بلے بازوں کی رینکنگ میں ڈیوڈ وارنر پہلے، اے بی ڈی ویلیئرز دوسرے، ویرات کوہلی تیسرے نمبر پر ہیں، ڈوپلیسی 7 درجے ترقی کے بعدچوتھے نمبر پر آ گئے، ڈی کوک ایک درجہ گر کر پانچویں نمبر پر چلے گئے، آملہ ایک سیڑھی چڑھ کر چھٹے نمبر پر آ گئے، ولیمسن تنزلی کا شکار ہو کر ساتویں نمبر پر چلے گئے، روٹ چھٹے سے آٹھویں نمبر پر چلے گئے، گپٹل کا نواں نمبر برقرار ہے، اسٹیون سمتھ 2 درجے گر کر دسویں نمبر پر بابراعظم کے ساتھ ہو گئے۔

 دوسری جانب باؤلرز میں عمران طاہر دو درجے ترقی پا کر دنیا کے نمبر ایک باؤلر بن گئے، انہوں نے ٹرینٹ بولٹ سے پہلی پوزیشن چھینی، نارائن ایک درجہ بہتری کے ساتھ تیسرے نمبر پر آ گئے،ا سٹارک دو درجے تنزلی کا شکار ہو کر دوسرے سے چوتھے نمبر پر چلے گئے۔