بھارت کی بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ پر گرفت مضبوط

124

 

بھارت کی بنگلہ دیش کے خلاف واحد ٹیسٹ پر گرفت مضبوط ہوگئی، ٹیسٹ کے پانچویں اور آخری روز بنگلہ دیش کو جیت کیلئے 356 رنز اور بھارت کو 7 وکٹیں درکار ہیں۔

تفصیلات کے مطابق حیدر آباد (دکن) میں جاری ٹیسٹ کے چوتھے روز بنگلہ دیش نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 322 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی تو پوری ٹیم 299 رنز خسارے کے ساتھ 388 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، کپتان مشفق الرحیم نے 127 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، امیش یادیو نے تین جبکہ ایشون اور روندرا جدیجا نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ بھارت نے اپنی دوسری اننگز 159 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلیئر کرکے بنگلہ دیش کو جیت کیلئے 459 رنز کا ہدف دیا، پجارا نے 54 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، ویرات کوہلی 38 اور اجنکیا راہانے 28 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ تسکین احمد اور شکیب الحسن نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

 بنگلہ دیش نے چوتھے روز کھیل کے اختتام پر 3 وکٹوں کے نقصان پر 103 رنز بنا لئے، سومیا سرکار 42 ، مومن الحق 27 اور تمیم اقبال 3 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ محمد اللہ 9 اور شکیب الحسن 21 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں۔ ایشون نے دو اور جدیجا نے ایک وکٹ حاصل کی۔