انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے یارکشائر سے تعلق رکھنے والے 26 سالہ جو روٹ کو قومی ٹیسٹ ٹیم کا نیا کپتان مقرر کر دیا ہے۔
جوئے روٹ ایلسٹر کک کی جگہ یہ ذمہ داری سنبھالیں گے جنھوں نے گذشتہ ہفتے چار برس کے دوران 59 ٹیسٹ میچوں میں ٹیم کی قیادت کرنے کے بعد کپتانی چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔ روٹ ٹیسٹ کرکٹ میں انگلش ٹیم کی قیادت کرنے والے 80 ویں کھلاڑی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ’ٹیسٹ ٹیم کی قیادت ملنا ایک بڑا اعزاز ہے۔ میں بہت خوش اور پرجوش محسوس کر رہا ہوں۔کپتان مقرر کیے جانے سے قبل روٹ ٹیسٹ ٹیم کے نائب کپتان تھے اور اب یہ ذمہ داری ڈرہم کاؤنٹی کے لیے کھیلنے والے 25 سالہ آل راؤنڈر بین سٹوکس کو سونپی گئی ہے۔
انگلش ٹیم کے سابق کپتان اور بورڈ کے موجودہ ڈائریکٹر اینڈریوا سٹراس نے کہا کہ جو ئے روٹ ہمارا اگلا ٹیسٹ کپتان بننے کے لیے درست شخص ہے۔ مجھے خوشی ہے کہ اس نے یہ ذمہ داری قبول کر لی ہے۔
خیال رہے کہ 32 سالہ ایلسٹر کک نے 2012 میں انگلینڈ کی ٹیم کی کپتانی سنبھالی تھی اور ان کی قیادت میں انگلینڈ نے 2013 اور 2015 کے ایشز مقابلوں میں کامیابی حاصل کی۔تاہم گذشتہ سال انڈیا کے خلاف چار۔صفر سے ٹیسٹ سیریز میں شکست ہونے کے لیے بعد انھوں نے اس بات کا اعتراف کیا کہ ان کے کپتان ہونے کے بارے میں سوالات اٹھ رہے ہیں۔