پی ایس ایل میچ فکسنگ،ناصر جمشید اور یوسف برطانیہ میں گرفتار

132

برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی نے پی ایس ایل میں میچ اوراسپاٹ فکسنگ کے شہبے میں  ناصر جمشید اور مشکوک شخص یوسف کو برطانیہ میں گرفتار کرلیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق ان گرفتاریوں کا تعلق پاکستان سپر لیگ میں جاری میچ فکسنگ سکینڈل سے ہے۔ نیشنل کرائم ایجنسی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ان دونوں افراد کی عمر تیس سے چالیس برس کے درمیان ہے اور انھیں 13 فروری کو گرفتار کیا گیا تھا۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ انھیں اب اپریل 2017 تک ضمانت پر رہائی دی جاچکی ہے۔

نیشنل کرائم ایجنسی کے بیان میں ان افراد کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی اور نہ ہی یہ بتایاگیا ہے کہ ان کا تعلق کس ملک سے ہے۔تاہم ادارے کا کہنا ہے کہ جاری تحقیقات کے سلسلے میں ہم پاکستان کرکٹ بورڈ اور عالمی کرکٹ کونسل کے اینٹی کرپشن یونٹس کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔

نیشنل کرائم ایجنسی کے مطابق پاکستانی کرکٹ بورڈ اس سلسلے میں اپنی تحقیقات بھی کررہا ہے جس کے نتیجے میں تین کھلاڑی معطل کیے گئے ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے بکیز سے روابط کے الزام میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے دو بلے بازوں شرجیل خان اور خالد لطیف کو معطل کرنے کے بعد انھیں اظہارِ وجوہ کے نوٹس جاری کیے ہیں۔