وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے سانحہ چیئرنگ کراس میں شہید ہونے والے ڈی آئی جی کیپٹن (ر) مبین کے گھر جا کر ان کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔ وزیر اعظم نے شہید ڈی آئی جی کے ایصال ثواب کیلئے دعا بھی کی۔
منگل کو وزیر اعظم نواز شریف ڈی آئی جی کیپٹن (ر) مبین کے گھر گئے اور ان کے اہلخانہ سے تعزیت کی۔ وزیر اعظم نے شہید ڈی آئی جی کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی، اس دوران انہوں نے شہید افسر کی بیوہ سے بھی ملاقات کی اور ان سے گہر ی ہمدردی کا اظہار کیا ۔ وزیر اعظم نے کہاکہ کیپٹن (ر) مبین انتہائی ایماندار اور محنتی آفیسر تھے اور انہوں نے وطن کے لئے اپنی جان قربان کی جس کا کوئی نعم البد ل نہیں۔
انہوں نے کہاکہ کیپٹن (ر) مبین کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی ۔ حکومت اور پوری قوم اس گھڑی میں سوگوا ر خاندان کے دکھ میں برابر کی شریک ہے اور وہ اسے تنہا نہیں چھوڑے گی۔ وزیراعظم نے کہاکہ لاہور میں دہشگردی کے واقعے سے پوری قوم سوگ کی حالت میں ہے اور دھماکے میں ہونے والے قیمتی جانی نقصان پر ہمیں بہت افسو س ہے۔ انہو ں نے کہاکہ دہشتگردانسانیت کے دشمن ہیں اور ان کا کوئی مذہب نہیں ، ایسے بزدلانہ واقعات سے وہ دہشتگردی کے خلاف ہماری جدو جہد کو متزلز ل نہیں کرسکتے ۔ انہوں نے کہاکہ دہشتگردوں کی کمر توڑی دی گئی اور اب وہ چھپتے پھرتے ہیں ۔ وہ سافٹ مقامات کو نشانہ بنارہے ہیں۔
وزیر اعظم نے کہاکہ حکومت ملک سے دہشتگردی کو جڑ سے ختم کرکے دم لے گی۔ اس موقع وزیر دفاع خواجہ آصف ، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان،پر وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف اور کے مشیر قومی سلامتی بھی وزیر اعظم کے ہمراہ تھے۔