پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) ٹو میں پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان میچ بارش کی نذر ہو گیا، دونوں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق جمعہ کو شارجہ کرکٹ سٹیڈیم میں پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان میچ شروع ہوا تو ساتھ ہی بارش کی آنکھ مچولی بھی شروع ہو گئی، میچ کے دوران وقفے وقفے سے بارش کی وجہ سے میچ کو 16 اوورز تک محدود کر دیا گیا اور پشاور زلمی نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 117 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، تمیم اقبال نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناقابل شکست 62 رنز بنائے جبکہ صعیب مقصود بھی 30 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، محمدحفیظ 16، کامران اکمل صفر اور این مورگن ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے، محموداللہ، حسن خان اور ریلی روسو نے ایک، ایک وکٹ لی، ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت کوئٹہ کو فتح کیلئے 125 رنز کا ہدف دیا گیا۔
بارش کی وجہ سے جب میچ مزید تاخیر کا شکار ہوا تو اسے 6 اوورز تک محدود کیا گیا اور کوئٹہ کو جیت کیلئے 55 رنز ملے لیکن تیز بارش کی وجہ سے میچ مکمل نہ ہو سکا اور ایمپائرز نے اسے منسوخ کر دیا گیا، دونوں ٹیموں کے حصے میں ایک، ایک پوائنٹ آیا۔