سری لنکا نے آسٹریلیا کوپہلے ٹی ٹوئنٹی میں شکست دے دی

148

سری لنکا نے آسٹریلیا کو پہلے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں دلچسپ مقابلے کے بعد 5 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی، سری لنکا نے 169 رنز کا ہدف آخری اوور کی آخری گیند پر 5 وکٹوں پر پورا کیا۔

 جمعہ کو میلبورن میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں سری لنکن قائد اپل تھرنگا نے ٹاس جیت کر پہلے آسٹریلیا کو بیٹنگ کی دعوت دی تو میزبان ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں پر 168 رنز کا مجموعہ تشکیل دیا، کپتان ایرون فنچ اور مائیکل کلنگر نے ٹیم کو 76 رنز کا جاندار آغاز فراہم کیا تاہم اس کے باوجود کینگروز ٹیم بڑا ٹوٹل قائم نہ کر سکی، دونوں اوپنرز کے آؤٹ ہونے کے بعد کینگروز کا کوئی بھی بلے باز متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا، فنچ 43، کلنگر 38، ٹریوس ہیڈ 31، موئسز ہنرکس 17، آشٹن ٹرنر 18 اور ٹم پین بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، جیمز فالکنر 14 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

سری لنکا کی جانب سے لاستھ مالنگا نے 2 بندارا اور گونارتنے نے ایک، ایک وکٹ لی۔

 جواب میں سری لنکن ٹیم نے مطلوبہ ہدف آخری اوور کی آخری گیند پر 5 وکٹوں پر حاصل کیا، اسیلا گونارتنے نے ڈٹ کر کینگروز باؤلرز کا مقابلہ کیا اور 52 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا، موناویرا 44، نیروشن ڈکویلا 30، سری وردنا 15 اور کپتان تھرنگا صفر پر آؤٹ ہوئے، کپوگیدرا 10 اور پراسانا 8 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

آسٹریلیا کی جانب سےٹرنر اور زمپا نے دو، دو جبکہ کمنز نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔