وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے مقدمات کی تیز رفتار سماعت کیلئے فوجی عدالتوں پر اتفاق رائے ضروری ہے،پارلیمانی کمیٹی کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس 22فروری کو ہونا تھا،بہتر ہوگا کہ 23فروری کو مرکزی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس بلایا جائے، دہشتگردی کی حالیہ لہر موثر اور مربوط ردعمل کی متقاضی ہے،فوجی عدالتوں میں توسیع کا فوری فیصلہ انسداد دہشتگردی کیلئے اہم ہے۔
اتوارکو وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے پارلیمانی رہنماؤں سے رابطوں کا سلسلہ جاری رکھا۔اسحاق ڈار نے پارلیمانی رہنماؤں سے رابطہ کرکے دہشتگردوں کے مقدمات کی تیز رفتار سماعت کیلئے فوجی عدالتوں پر اتفاق رائے پر زور دیا۔وزیرخزانہ نے فاروق ستار،حاجی غلام احمد بلور،صاحبزادہ طارق اللہ سے رابطہ کیا جبکہ شاہ جی گل آفریدی اور شیخ رشید احمد کو بھی فون کیا۔
وزیرخزانہ اسحاق ڈار نےا سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے بھی ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور فوجی عدالتوں پر خصوصی پارلیمانی کمیٹی کاا جلاس جلد بلانے کا مطالبہ کیا۔اسحاق ڈار نے کہا کہ پارلیمانی کمیٹی کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس 22فروری کو ہونا تھا،بہتر ہوگا کہ 23فروری کو مرکزی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس بلایا جائے،مرکزی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس اس سے پہلے 27فروری کو ہونا تھا۔انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کی حالیہ لہر موثر اور مربوط ردعمل کی متقاضی ہے،فوجی عدالتوں میں توسیع کا فوری فیصلہ انسداد دہشتگردی کیلئے اہم ہے۔