حافظ نعیم الرحمن کی اسلام چوک میں علاقہ مکینوں کے احتجاج پر پولیس تشدد کی مذمت

192

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن، امیر ضلع غربی عبد الرزاق خان اور امیر زون اورنگی ٹاؤن مناظر حسین نے اورنگی ٹاؤن اسلام چوک میں کئی روز سے ہونے والی چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں کے خلاف علاقہ مکینوں کے احتجاج پر پولیس کی ہوائی فائرنگ ،لاٹھی چارج اور شیلنگ کرنے اور تاجروں اور عوام کے عدم تحفظ پر شدید مذمت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ناانصافی کے خلاف عوام کا احتجاج جمہوری حق ہے۔

حافظ نعیم نے کہا ہےکہ گزشتہ روز اسلام چوک میں دس دوکانیں لوٹی گئیں جس پر عوام نے شدید غم و غصے کا اظہارکیا جس کے بعد وارداتوں میں مزید اضافہ ہونے پر عوام نے اسلام چوک میں پولیس کے خلاف احتجاجی مٖظاہرہ کیا اور نعرے بازی کی ۔ انہوں نے کہا کہ علاقہ مکینوں کے مبینہ الزام کے مطابق علاقہ میں بڑھتی ہوئی وارداتوں میں پولیس کی سرپرستی شامل ہے جس کے باعث وارداتوں میں اضافہ ہورہا ہے اور عوام کے محافظ عوام کو تحفظ دینے کے بجائے چوروں کی سرپرستی کررہے ہیں۔

حافظ نعیم الرحمن نے زخمی ہونے والےنجی ٹی وی  کے کیمرا مین اور مظاہرین سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی عوام کے ساتھ ہے ۔شہر میں اسٹریٹ کرائم کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کے خلاف آواز بلند کرنا جمہوری حق ہے ۔پولیس اور متعلقہ ادارے اسٹریٹ کرائم ،چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں کے خلاف فوری کاروائی کریں۔

انہوں نے کہا کہ اورنگی ٹاؤن میں چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا اور گھر میں گھس کر بے گناہ افراد کی گرفتاری کی گئی جو کہ انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔ حافظ نعیم الرحمن نے مطالبہ کیا ہے کہ بے گناہ فرادکو فوری طور پر رہا کیا جائے اور چوری وڈکیتی کے مجرموں کے خلاف سخت سے سخت کاروائی کی جائے اور قرارواقعی سزادی جائے۔