آئی پی ایل:بین سٹوکس آئندہ ایڈیشن کے مہنگے ترین کھلاڑی

141

انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز آل راؤنڈر بین اسٹوکس انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے دسویں ایڈیشن کے اب تک کے مہنگے ترین کھلاڑی بن گئے۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز بنگلور میں ہونے والی نیلامی میں مجموعی طور پر 351 کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا جن میں سے 122 غیر ملکی کھلاڑی ہیں۔ نیلامی میں ان میں سے صرف 76 کھلاڑیوں کا ہی انتخاب ہونا ہے۔

آئی پی ایل کے منتظمین نے بین سٹوکس کی ابتدائی قیمت دو کروڑ روپے مقرر کی تاہم ساڑھے 21 لاکھ امریکی ڈالر کے مساوی رقم کی اس بولی کے نتیجے میں بین ا سٹوکس آئی پی ایل کی تاریخ کے سب سے مہنگے غیر ملکی کھلاڑی بن گئے ہیں۔ رائزنگ پونے سپرجائنٹس نے ساڑھے 14 کروڑ روپے کے عوض ان کی خدمات حاصل کیں۔ انگلینڈ ہی کے فاسٹ باؤلر تائمل ملز دوسرے مہنگے کھلاڑی قرار پائے، انہیں رائل چیلنجرز بنگلور نے 12 کروڑ روپے میں خریدا۔

واضح رہے آئی پی ایل کی تاریخ میں مجموعی طور پر سب سے مہنگے کھلاڑی ہونے کا اعزاز بھارت کے یوراج سنگھ کے پاس ہے جن کی خدمات گزشتہ سال 16 کروڑ روپے کے عوض حاصل کی گئی تھیں۔ بین اسٹوکس کے علاوہ ایک اور انگلش کرکٹر تیمل ملز کی خدمات حاصل کرنے کیلئے رائل چیلنجرز بنگلور نے بھی 12 کروڑ کی کامیاب بولی دی۔

دیگر غیرملکی کھلاڑیوں میں نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ اور جنوبی افریقہ کے فاسٹ باؤلر کگیسو ربادا کو بالترتیب کولکتہ نائٹ رائیڈرز اور دہلی ڈیئرڈیولز نے پانچ، پانچ کروڑ میں خریدا ہے۔ دہلی ڈیئرڈیولز نے ہی آسٹریلیا کے پیٹ کمنز کو ساڑھے چار کروڑ روپے کے عوض خریدا جبکہ کرس ووکس کیلئے کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے چار کروڑ 20 لاکھ روپے کی کامیاب بولی دی۔

سن رائزرز حیدر آباد نے افغان لیگ سپنر راشد خان کو چار کروڑ روپے میں خریدا، انگلینڈ کے ایون مورگن کی خدمات کنگز الیون پنجاب نے دو کروڑ روپے کے عوض حاصل کیں، سری لنکا کے آل راؤنڈر اینجلو میتھیوز کو دو کروڑ روپے کے عوض دہلی ڈیئر ڈیولز جبکہ بھارتی آل راؤنڈر پون نیگی کو رائل چیلنجرز بنگلور نے خریدا تاہم نیوزی لینڈ کے اوپنر مارٹن گپٹل، راس ٹیلر، عرفان پٹھان، جیسن رائے، ایلیکس ہیلز اور شان ایبٹ کو کوئی خریدار نہیں مل سکا۔