پنجاب میں رینجرز کو خصوصی اختیارات تفویض

165

وفاقی وزارت داخلہ نے پنجاب میں رینجرز کو خصوصی اختیارات دینے کی منظوری دے دی ۔ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کا کہنا ہے کہ دہشتگرد اور سہولت کار جہاں بھی ہوں تعاقب کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائیگا۔

پنجاب میں رینجرز کو خصوصی اختیارات دینے کی منظوری وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں کیا گیا ۔ اجلاس میں اجلاس میں نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر ناصر جنجوعہ ، سیکریٹری داخلہ ، چیف سیکریٹری پنجاب ، ہوم سیکریٹری ، آئی جی پنجاب اور دیگر افسران نے شرکت کی ۔

چوہدری نثار علی خان کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس کے فیصلے کے مطابق رینجرز اختیارات انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت 60 دن کیلیے دیے جا رہے ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کا کہنا ہے کہ دہشتگرد اور سہولت کار جہاں بھی ہوں تعاقب کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائیگا، رینجرزدہشتگردوں کیخلاف پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی معاونت کرے گی، حکومت دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پر عزم ہے، صوبوں کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی پالیسی پر سختی سے کاربند ہیں، دہشتگردوں کیخلاف جنگ میں مضبوط اعصاب اور قومی یکجہتی کی ضرورت ہے۔

واضح رہے کہ پنجاب میں رینجرز کو اختیارات دینے کی سفارش اپیکس کمیٹی کی جانب سے کی گئی تھی۔