کرائسٹ چرچ:نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقہ کو دوسرے ون ڈے میں شکست دے دی

144

روس ٹیلر کی ناقابل شکست سنچری کی بدولت نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقہ کو دوسرے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ میں 6 رنز سے ہرا کر پانچ میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔

 کرائسٹ چرچ میں بدھ کو دونوں ٹیموں کے درمیان میچ شروع ہوا تو پروٹیز کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ کیویز کی طرف سے ڈین براؤنلی اور ٹوم لاتھم نے اننگز کا آغاز کیا،لیتھم 2 رنز بناکر پارنل کی گیند پر آؤٹہ ہوگئے، ڈین براؤنلی دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 34 رنز بناکر پیریٹوریس کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے، کپتان کین ولیمسن اپنی نصٖف سنچری مکمل کرنے کے بعد 69 رنز بناکر عمران طاہر کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

بروم کیویز کے چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 2 رنز بناکر پیریٹوریس کی گیند پر پال ڈومنی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے اس دوران روس ٹیلر نے اپنی سنچری اور نیشام نے اپنی نصف سنچری مکمل کرلی۔ روس ٹیلر ناقابل شکست 102، نیشام ناقابل شکست 71 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم نے پہلے کھیل کر مقررہ 50 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 289 رنز بناکر پروٹیز کو میچ میں کامیابی کے لئے 290 رنز کا ہدف دیا۔

پروٹیز کی طرف سے پیریٹوریس نے دو جبکہ عمران طاہر اور پارنل نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

جواب میں پروٹیز ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے کی کوشش میں مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 283 رنز بناسکی۔ ہاشم آملہ 10، فاف ڈو پلیسی 11، پال ڈومنی 34، ڈی کوک 57، ڈیوڈ ملر 28، اے بی ڈی ویلیئرز 45، کرس مورس 7، پارنل صفر اور پیریٹوریس نے 50 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے فیہلیک وایو 29 اور عمران طاہر بغیر کوئی رن بنائے ناٹ آؤٹ رہے۔

کیویز کی طرف سے ٹرینٹ بولٹ نے 3، سانٹنر نے 2 جبکہ ٹم ساؤتھی، گرینڈہوم اور سودھی نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا اور یوں کیویز نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کو دوسرے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ میں 6 رنز سے ہرا کر پانچ میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔

روس ٹیلر نے ناقابل شکست 102 رنز بناکر اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا، اور اس شاندار کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔