آرمی ایئر ڈیفنس کمانڈ کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل محمد زاہد لطیف مرزا نے کہا ہے کہ آرمی چیف کی ہدایت کی روشنی میں چھٹی مردم شماری کے موقع پر پاک فوج کی جانب سے بھرپور تعاون فراہم کیا جائے گا۔
جمعہ کو آرمی ایئرڈیفنس کمانڈ ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں چھٹی مردم شماری کے حوالے سے پاک فوج کی حمایت سے متعلق ایک رابطہ اجلاس ہوا جس میں آرمی ایئرڈیفنس کمانڈ کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل محمد زاہد لطیف مرزا، سیکرٹری شماریات ڈویژن، چیئرمین پاکستان بیورو آف شماریات اور سینئر سول و فوجی افسران نے شرکت کی۔
شرکاء اجلاس نے چھٹی مردم شماری کو کامیاب بنانے کے لیے تیاریوں کا جائزہ لیا اور اب تک کی جانے والی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل زاہد مرزا نے شرکاء کو یقین دلایا کہ چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ہدایات کی روشنی میں مردم شماری کو خوش اسلوبی سے پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے پاک فوج کی جانب سے بھر پور تعاون فراہم کیا جائے گا۔