پونے ٹیسٹ:بھارت کو آسٹریلیا کے ہاتھوں شرمناک شکست

123

اسٹیو او کیف کی تباہ کن باؤلنگ اور کپتان اسٹیون اسمتھ کی شاندار سنچری کی بدولت آسٹریلیا نے بھارت کو پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں یکطرفہ مقابلے کے بعد 333 رنز سے شکست دے کر چار میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔

ہفتہ کو پونے ٹیسٹ کے تیسرے روز آسٹریلوی ٹیم نے 143 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ پر دوسری ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو اسمتھ 59 اور مچل مارش 21 رنز پر کھیل رہے تھے، دن کے آٹھویں اوور میں جدیجہ نے مارش کو آؤٹ کر کے اہم پارٹنرشپ توڑ دی، مارش 31 رنز بنا کر چلتے بنے، میتھیوویڈ بھی متاثرکن کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور 20 رنز بنا کر جیانت یادیو کی گیند کا نشانہ بنے، 246 کے مجموعی سکور پر آسٹریلیا کی ساتویں وکٹ گری جب اسمتھ 109 رنز کی دلکش اننگز کھیلنے کے بعد جدیجہ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے، ان کے آؤٹ ہونے کے بعد کینگروز کا کوئی کھلاڑی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکا اور پوری ٹیم 285 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور اس نے بھارت کو فتح کیلئے مجموعی طور پر 441 رنز کا ہدف دیا، اسٹارک 30، کیف 6 اور لیون 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

بھارت کی جانب سے ایشون نے 4، جدیجہ نے 3 جیانت یادیو نے 2 اور اومیش یاداو نے ایک وکٹ لی۔

جواب میں بھارتی ٹیم مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں اپنی دوسری اننگز میں 107 رنز پر ڈھیر ہو گئی، کیف اور لیون کی اسپن کے سامنے بھارت کی مضبوط بیٹنگ لائن اپ ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور اس کی وکٹیں خزاں رسیدہ پتوں کی طرح گرتیں رہیں، 7 کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے، چیتشورپوجارا 31، اجنکیاراہانے 18، کپتان ویرات کوہلی 13، لوکیش راہول 10، مرلی وجے 2، ایشون 8، ساہا 5، جدیجہ 3، جیانت یادیو 5 اور ایشانت شرما صفر پر آؤٹ ہوئے۔

 آسٹریلیا کی جانب سے اسٹیو اوکیف نے 6 اورنیتھن لیون نے 4 وکٹیں لیں۔

اسٹیو اوکیف کو 12 وکٹیں لینے پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔

کینگروز کی بھارتی سرزمین پر 13 برس بعد پہلی کامیابی ہے، آسٹریلیا نے آخری بار 2004ء میں بھارت کو اس کی سرزمین پر زیر کیا تھا۔