جنوبی افریقہ نے تیسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں نیوزی لینڈ کو 159 رنز سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 2-1 کی برتری حاصل کر لی۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ویلنگٹن میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے ون ڈے میچ میں جنوبی افریقہ کے کپتان اے بی ڈی ولیئرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا، پروٹیز نے ڈی کاک اور ڈی ولیئرز کی شاندار بیٹنگ کی بدولت مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 271 رنز بنائے، اے بی ڈی ولیئرز نے 80 گیندوں پر 85 رنز کی دلکش اننگزکھیلی اور ساتھ ہی ون ڈے میں تیز ترین نو ہزار رنز مکمل کرکے نئی تاریخ رقم کی، اوپنر ڈی کاک نے 68 رنز بنائے، دیگر بلے بازوں میں فاف ڈوپلیسی 36 اور وین پارنل 35 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
کولن ڈی گرینڈہوم نے دو ٹرینٹ بولٹ ،ٹم ساؤتھی ،فرگوسن اور سینٹنر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 32.2 اوورز میں 112 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ کولن ڈی گرینڈہوم ناٹ آؤٹ 34 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے، دیگر بلے بازوں میں کپتان کین ولیمسن 23 ، روس ٹیلر 18 اور جمی نیشم 13 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ ڈین براؤنلی دو، ٹام لیتھم صفر، مچل سینٹنر ایک، نیم بروم صفر، ٹم ساؤدی پانچ جبکہ عمران طاہر اور ٹرینٹ بولٹ چار چار رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
ڈینی پریٹوریئس نے تین جبکہ کگیسو ربادا، وین پارنل اور فلکوایو نے دو، دو واور عمران طاہر نے ایک وکٹ حاصل کی۔