ترک وزیراعظم بن علی یلدرم نے ملک میں صدارتی نظام کے نفاذ کے لیے مجوزہ آئینی ترامیم پر ہونے والے ریفرینڈم کے حق میں حکمراں جماعت کی باضابطہ ’’ہاں‘‘ مہم کا آغاز کر دیا ہے۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق بن علی نے اس مہم کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ مجوزہ نئے نظام کے نفاذ سے ایک مضبوط ترکی کی راہ ہموار ہوگی۔انھوں نے کہا کہ ہم مستقبل میں ایک مضبوط ترکی کے لیے پہلا قدم اٹھا رہے ہیں۔ مجوزہ آئینی ترامیم کے نتیجے میں جدید ترکی میں پہلی مرتبہ ایک انتظامی صدارتی نظام رائج ہوگا۔ اس صدارتی نظام کے نفاذ کے بعد صدر کو وزرا کے تقرر اور انھیں برطرف کرنے کے اختیارات حاصل ہوجائیں گے۔جدید ترکی کی تاریخ میں پہلی مرتبہ وزیراعظم کا عہدہ ختم کردیا جائے گا اور اس کی جگہ ایک یا ایک سے زیادہ نائب صدور لیں گے۔