وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے پی ایس ایل ٹو کا فائنل لاہور میں کروانے کی منظوری دے دی ہے۔پاکستان سپر لیگ کا فائنل 5 مارچ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کی زیرصدارت صوبائی کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا اجلاس ہوا جس میں پاکستان سپرلیگ کا فائنل لاہور میں کرانے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، اجلاس میں وزیراعلیٰ نےتمام اداروں کی مشاورت کے بعد لاہور میں فائنل میچ کرانے کی منظوری دے دی۔
اس سلسلے میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ کھلاٹیوں کو فول پروف سیکیورٹی دی جائے گی، تمام ایجنسیاں ملکر سیکیورٹی کو یقینی بنائیں گی۔انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کا فائنل ڈے اینڈ نائٹ ہوگا،مقابلہ ساڑھے 4 بجے شروع ہوگا اور اختتامی تقریب 11 بجے تک ختم ہوگی۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں تیاریاں تیز کردی گئیں، تزئین و آرائش اور دیگر انتظامات جاری ہیں۔