انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے مطابق میچ ریفری کرس براڈ نے پونے کی وکٹ کو ناقص قرار دے دیا جہاں پر بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹیسٹ کھیلا گیا تھا، جس کی وجہ سے بھارتی کرکٹ بورڈ پر 15 ہزار ڈالرز جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔
آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان ہونے والے پہلے ٹیسٹ میں اسپنرز کی جنت ثابت ہونے والی اس وکٹ پر تین روز میں ہی پہلا ٹیسٹ ختم ہو گیا تھا، اس دوران تمام 40 وکٹیں گر گئی تھیں جس میں سے 31 وکٹیں سپنرز کے ہاتھ آئیں، اس میچ میں آسٹریلیا نے بھارت کو 333 رنز کے واضح مارجن سے شکست فاش سے دوچار کر کے چار میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کی تھی۔
آئی سی سی کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق میچ ریفری کرس براڈ نے پونے کی پچ کے معیار پر شدید تشویش ظاہر کی، آئی سی سی کا کہنا ہے کہ رپورٹ بھارتی کرکٹ بورڈ کو بھیج دی گئی ہے اور اب اسے 14 روز میں جواب جمع کرانا ہوگا، قوانین کے مطابق خراب پچ کی رپورٹ ہونے پر بھارتی بورڈ کو وارننگ یا پھر جرمانہ عائد کیا جاسکتا ہے۔