پاک بحریہ کے سربراہ سے ترک مسلح افواج کے کمانڈر کی ملاقات

303

ترکی کی مسلح افواج کے کمانڈر جنرل ہلوسی آکار نے بدھ کو پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ذکاءاللہ سے نیول ہیڈکوارٹرز میں ملاقات کی۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق ملاقات کے دوران پیشہ ورانہ امور اورپاکستان اور ترکی کے درمیان دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان کے مطابق ملاقات کے دوران چیف آف دی نیول اسٹاف نے علاقائی میری ٹائم خطے میں امن واستحکام برقرار رکھنے کے لیے پاک بحریہ کے کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے پاک بحریہ کے زیرِانتظام حالیہ دنوں میں منعقد کی جانے والی کثیرالملکی مشق امن کا ذکر کیا اور اس مشق میں ترک بحریہ کی بھرپور شرکت کو سراہا۔

ترک کمانڈر نے بحری مشق امن 17 کے تحت غیرملکی بحری افواج کو یکجا کرکے سمندروں میں امن واستحکام کے قیام کے لیے پاک بحریہ کی کاوشوں کو سراہا۔

انہوں نے سمندر میں دہشتگردی اور بحری قزاقی کے خلاف پاک بحریہ کے عزم و کارکردگی کی تعریف کی اور اس ضمن میں کولیشن میری ٹائم کمپین پلان اور کاوئنٹر پائیریسی آپریشنز میں پاک بحریہ کی شمولیت کوخراج تحسین پیش کیا۔ اس دورے سے دونوں ممالک کے درمیاں دفاعی تعاون کو فروغ حاصل ہوگا۔